شادی سے قبل لڑکا لڑکی کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی قرار

پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن وہیلتھ کیئرایکٹ ،تھیلیسیمیا ایکٹ اور مینٹل ہیلتھ آرڈیننس جاری


Staff Reporter May 09, 2013
تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ مفت کیے جائیں گے، ڈاکٹرکے نسخے کے بغیردواؤں کی فروخت نہیں کی جائے گی،نجی اسپتالوں کی رجسٹریشن ہوگی،گورنر کی صحافیوں سے گفتگو فوٹو: فائل

لاہور: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے تھیلیسیمیا پریونشن ایکٹ،ہیلتھ کئیرکمیشن ایکٹ اورمینٹل ہیلتھ آرڈیننس جاری کردیے ۔

ان تینوں آرڈیننسوں کا فوری اطلاق ہوگا،تینوں آرڈیننس تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پرگورنر سندھ نے دستخط کرکے جاری کیے جس کے بعد شادی سے قبل لڑکا اورلڑکی کو تھیلیسیمیاکے ٹیسٹ لازمی کرانے ہونگے جبکہ نکاح خواں بھی دونوں کی ٹیسٹ رپورٹ نکاح نامے میں منسلک کرنے کے بعدنکاح پڑھانے کے پابندہوں گے۔

نکاح نامے میں تھیلیسیمیا کا کالم درج ہوگا،یہ بات انھوں نے بدھ کوگورنر ہاؤس میں سادہ تقریب میں تینوں آرڈیننس پر دستخط کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر سینیٹر عبدالحسیب خان ، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جنید علی شاہ، ڈاؤیونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر عمر فاروق، سیکریٹری صحت ڈاکٹر سریش کمار، ڈاکٹر ثمرینہ ہاشمی، ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی، ڈاکٹر حبیب سومرو سمیت دیگر ماہرین بھی موجود تھے،گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں شعبہ صحت سے متعلق تینوں آرڈیننسوں کے اجرا کے بعد تھیلیسیمیا کے مرض کی روک تھام کی جا سکے گی ۔

انھوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ ڈاؤ یونیورسٹی سمیت دیگر اضلاع کے طبی مراکز میں مفت کیے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسپتالوں کی ہیلتھ کمیشن آرڈیننس کے تحت نجی اسپتالوں کی رجسٹریشن کی جائے ، دواؤں کی فروخت ڈاکٹرکے نسخے کے بغیر نہیں کی جا سکیں گی،گورنر سندھ نے کہا کہ اس آرڈیننس کے تحت ڈاکٹروں کو ڈیوٹیوں کے دوران ہراساں کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔

گورنر سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے باوجود انتخابات11مئی کوہی ہوں گے اور تمام سیاسی پارٹیاں نامساعد حالات کے باوجود اس بات پر متفق ہیں کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی کرائے جائیں گے ، واضح رہے کہ تھیلیسیمیا آرڈیننس کے جاری ہونے کے بعد شادی سے قبل لڑکا لڑکی کو ہیموگلوبن الیکٹروفورسس کے ٹیسٹ لازمی قراردے دیا ، نکاح خواں اس ٹیسٹ رپورٹ کے بغیر نکاح نہیں پڑھاسکیں گے اورخلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ ہوگا، علاوہ ازیں تھیلیسیمیا آرڈیننس میں سینیٹرعبدالحسیب خان،ڈاکٹر طاہر شمسی، ڈاکٹر ثمرینہ ہاشمی سمیت دیگر ماہرین کی رائے کو شامل کیا گیا ، نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جنید علی شاہ نے آرڈیننسوں کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔



تینوں آرڈینسوں کے اجرا کے بعد صوبہ سندھ پہلا صوبہ ہوگیا جہاں شادی سے قبل دولہا ، دلہن کے تھیلیسیمیا کے ٹیسٹوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے، تھیلیسیمیا کا آرڈینس سندھ میں پہلی بارجاری کیا گیا ، اس سے قبل سابق وزیر صحت ڈاکٹر صغیراحمدکے دور میں تھیلیسیمیا، پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسڑیشن کا قانونی مسودہ تیارکیا گیا تھا اور اس حوالے سے صوبے میں7تھیلیسیمیا مراکزبھی قائم کرنے کیلیے سالانہ اسکیم کی بھی منظوری دی گئی تھی،دریں اثناء ڈاکٹرثمرینہ ہاشمی، ڈاکٹر طاہر شمسی نے تھیلیسیمیا اور پرائیویٹ اسپتالوں اور مینٹل ہیلتھ کے ا ٓرڈیننسوں کے حوالے سے بتایا کہ آرڈیننس کے بعد صوبے میں تھیلیسیمیاکے مرض کی روک تھام کی جاسکے گی ۔

جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن کے اقدام کو بھی ان ماہرین نے خوش آئند قراردیا اورکہاکہ اسپتالوں کی رجسٹریشن اورڈاکٹروں کوہراساں کرنے کے قانون کے نافذ ہونے کے بعد ڈاکٹروں میں تحفظ کی فضا قائم ہوگی، واضح رہے کہ محکمہ صحت نے 2 سال قبل پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن ، ڈاکٹری نسخے کے بغیر ادویات کی فروخت پر پابندی اورڈاکٹروں کو ڈیوٹی کے دوران ہراساں کیے جانے سے متعلق قانونی مسودہ تیارکیا تھا تاہم اس میں بعض ترامیم کی وجہ سے بل سابقہ سندھ اسمبلی میں پیش نہیں کیا جاسکا ۔

تاہم نگراں حکومت نے ان بلوں کوآرڈیننس کی شکل میں جاری کرنے کافیصلہ کیا ،ہیلتھ کیمشن بل میں پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن،نسخے کے بغیرادویات کی فروخت ، پرائیویٹ اسپتالوں کی مانیٹرنگ،دوران ڈیوٹی ڈاکٹروں کوہراساں کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کیلیے پہلی بارسندھ ہیلتھ کئیرکمیشن ایکٹ2010 تیارکیا گیا تھا ، اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے بعدصحت اورتعلیم صوبائی معاملہ قراردیے گئے یہی وجہ ہے کہ اٹھارویں ترمیم کی منطوری کے بعد صوبائی اسمبلی نے بعدازمرگ اعضا کی پیوندکاری کا بل بھی دوبارہ منظورکیا، اس سے قبل یہ بل قومی اسمبلی سے منظورکیا گیا تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں