قومی خواتین سائیکلنگ چیمپئن شپ آرمی نے جیت لی
واپڈا کی دوسری پوزیشن، تیز ترین سائیکلسٹ کا اعزاز صبیحہ زاہد کے نام
دسویں قومی خواتین سائیکلنگ چیمپئن شپ پاکستان آرمی نے جیت لی، واپڈا نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تیز ترین سائیکلسٹ کا اعزاز صبیحہ زاہد کے نام رہا۔اختتامی تقریب میں پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر جنرل(ر) اکرم ساہی نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق خواتین سائیکلنگ چیمپئن شپ لاہور میں اختتام پذیر ہو گئی۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر آرمی کا پلڑا بھاری رہا جس نے5 گولڈ اور 4سلور میڈلز کے ساتھ چیمپئن بننے کااعزاز حاصل کیا۔
واپڈا نے4گولڈ، 5 سلور اور4 برانز کے ساتھ دوسری اور پنجاب نے 4کانسی کے تمغے لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گزشتہ روز کے ایک کلومیٹر اسپرنٹ میں انعم محمود فاتح رہیں، واپڈا کی فیضہ ریاض نے دوسری اور واپڈا کی بختاور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ٹیم اسپرنٹ میں واپڈا بازی لے گیا، آرمی نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن پائی۔
ایلیمینشن ریس میں صبیحہ زاہد اول رہیں، واپڈا کی راحیلہ بانو دوسرے اور اسی محکمہ کی راشدہ منیر تیسرے نمبر ہر رہیں۔پہلی جونیئر خواتین سائیکلنگ چیمپئن شپ میں تیز ترین سائیکلسٹ کا اعزاز سوئی سدرن گیس کی انعم محمود کے نام رہا۔ ایک کلومیٹر اسپرنٹ جونیئر کی فاتح پنجاب کی عشرت فاطمہ رہیں، حلیمہ نے دوسری اور فضا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر جنرل(ر) اکرم ساہی نے صدر سائیکلنگ فیڈریشن منور بصیر اور سیکریٹری اظہر علی شاہ کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔