چھاپے جاریمتعدد فیکٹریوںہوٹلوں میں بجلی وگیس چوری پکڑی گئی

ڈی بی جان کلر پروسیسنگ اینڈٹیکسٹائل میں گھریلومیٹر سے گیس چوری،مالک پر مقدمہ درج


Numaindgan Express August 28, 2013
ڈی بی جان کلر پروسیسنگ اینڈٹیکسٹائل میں گھریلومیٹر سے گیس چوری،مالک پر مقدمہ درج. فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے بجلی وگیس چوری نے چونیاں بائی پاس پر واقع ڈی بی جان کلر پروسیسنگ اینڈ ہوم ٹیکسٹائل پر چھاپہ مار کر بجلی وگیس چوری پکڑ لی۔

سینئر ایڈمن آفیسر عرفان خالدکی قیادت میں ٹیم نے چھاپہ مارا تو فیکٹری مالکان گھریلو میٹر سے فیکٹری میں گیس استعمال کر رہے تھے جبکہ فیکٹری کے بجلی کے میٹر سے کالونی میں 45گھروں کو بجلی بھی فراہم کی جا رہی تھی، مذکورہ فیکٹری محکمہ سوئی گیس کی پہلے ہی30کروڑ روپے کی نادہندہ ہے، ٹاسک فورس نے فیکٹری مالک فیصل عرفان الٰہی کیخلاف مقدمہ جبکہ شفٹ انچارج نصیر کو گرفتارکروا دیا ۔ ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید کی خصوصی ہدایات پر لاہور سمیت شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، اسلام آباد، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی، گجرات، بہاولپور ریجنز میں مزید10کروڑ 4لاکھ 54ہزار 239روپے کے تجارتی اور صنعتی گیس بل ناہندگان کے کنکشن منقطع کر دیے گئے ہیں۔



ہڑپہ سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ضلع ساہیوال میں 15بجلی اور تین گیس چوروں کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 34لاکھ کی ریکوری کی گئی جبکہ ایف آئی اے ٹیم نے ملزموں کی پشت پناہی پر شاہ مدار ہڑپہ کے میٹر انسپکٹر رشید اور میٹر ریڈر اسلم کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ملتان، راجن پور،جام پور،کوٹ ادو اور چوک کرمداد قریشی میں بھی چھاپے مارے گئے۔ چوک غازی آباد پر واقع مشہور گیسٹ ہائوسز پر چھاپہ مار کر35لاکھ سے زائد کی بجلی چوری پکڑلی، ایف آئی اے ٹیم نے موقع پر حمید ریورسر کو گرفتار کرلیا۔ ضلعی ٹاسک فورس نے اسی مقام سے چند فرلانگ دور ملک رفیق کی4پلاسٹک فیکٹریوں میں گیس چوری پکڑ کر فیکٹریاں سیل کر دیں۔

میپکو ملتان سرکل نے بجلی چوری کرنے پر6کروڑ 82 لاکھ جرمانہ وصول کیا ہے۔ جام پور کی بستی ماچھی بٹھارے والا میں اہل علاقہ نے واپڈا ٹیم کے ارکان ابراہیم، عبدالروف، اشفاق کو تشدد کے بعد یرغمال بنا کر باندھ لیا، پوری بستی ڈائریکٹ بجلی سے چل رہی تھی، پولیس نے بارہ افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فیسکو ٹاسک فورس نے 20بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر ساڑھے گیارہ لاکھ جرمانہ کر دیا۔ ایف آئی اے ٹیم نے سیہون میں المنصور ہوٹل پر چھاپہ مار کر ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے لاکھوں کی بجلی چوری پکڑ کر منیجر علی رضا اور امتیاز کو گرفتار کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں