لانڈھی میں سیاسی جماعت کے دفتر سے 2 ٹارگٹ کلرز پکڑے بھارتی اسلحہ بھی برآمد ہوا رینجرز

پریس کانفرنس کرنے والے بتائیں کہ دفتر میں بھارتی ساختہ اسلح کہاں آیا، ترجمان سندھ رینجرز


ویب ڈیسک October 01, 2013
سیاسی جماعت کے حربے رینجرز کو کام کرنے سے نہیں روک سکتے، ترجمان رینجرز ۔فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سیاسی دفتر پر رینجرز کے آپریشن کے خلاف پریس کانفرنس پر ترجمان رینجرز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لانڈھی میں سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپے کے دوران 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے ایک بھارتی ساختہ ایل ایم جی بھی برآمد ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہناتھا کہ لانڈھی میں سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپے میں 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے دفتر سے اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا جس میں ایک بھارتی ساختہ ایل ایم جی بھی شامل ہے، اس چھاپے کے بعد سیاسی جماعت نے پریس کانفرنس کی اور رینجرز پر الزامات لگائے مگر پریس کانفرنس کرنے والے یہ بتائیں کہ بھارتی اسلحہ کہاں سے آیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری جرائم پیشہ افراد سے پریشان ہیں، سیاسی جماعت کے حربے رینجرز کو کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے ترجمان نے لانڈھی میں واقع دفتر سے بھارتی ساختہ اسلحہ کی بر آمدگی کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں بھی الزامات لگائے گئے جو ثابت نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ رینجرز کے چھاپے کے بعد ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر صغیراحمد نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیاتھا کہ رینجرز اور پولیس میں موجود کالی بھیڑیں مسائل پیدا کر رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں