کراچی آپریشن ناکامی کی طرف گامزن پولیس کی سرپرستی میں جوئے اور منشیات کے اڈے پھر کھل گئے

لیاری گینگ کے ملزمان اپنے علاقوں میں کھلے عام بیٹھ کرتاجروں کو بھتے کی پرچیاں دے کر ان سے بھاری رقوم وصول کررہے ہیں


Staff Reporter October 21, 2013
پولیس افسران کی سرپرستی میں جرائم کے اڈوں سے بھتہ وصول کیاجارہاہے۔ فوٹو:فائل

کراچی آپریشن ناکامی کی طرف گامزن ہے،پولیس کی سرپرستی میں بیشتر علاقوں میں جوئے،سٹے اور منشیات کے اڈے کھل گئے۔

لیاری سمیت شہرکے دیگر جوئے کے اڈوں سے پولیس کے اعلیٰ افسران کے نام پر بھتے اکھٹے کیے جارہے ہیں، لیاری گینگ وار کے ملزمان اپنے علاقوں میں کھلے عام بیٹھ کرکھارادر ، جوڑیا بازار اور لائٹ ہاؤس میں چپلوں کے تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دے کران سے بھاری رقوم وصول کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی آپریشن جس تیزی سے شروع ہوا تھااسی تیزی سے ناکامی کی طرف گامزن ہے ،زونل پولیس افسران کی ہدایت پر تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اپنی اپنی اسپیشل پارٹیاں بنائی لی ہیں،اسپیشل پارٹیاں مخبروں کی نشاندہی پر شہر کے کسی بھی علاقے سے جرائم پیشہ افرادکے ساتھ ساتھ کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے اور ان کے ساتھ تعلق رکھنے والے افراد کواٹھا کر لے جاتے ہیں اور24گھنٹے کے اندر اندر ان کے اہلخانہ سے ڈیل کرنے کے بعدمبینہ طور پر50 ہزار روپے سے3لاکھ روپے تک وصول کر کے چھوڑ رہے ہیں۔

لیاری کے چاروں تھانوں کلاکوٹ،چاکیواڑہ ، کلری ، بغدادی کے علاوہ ڈاکس اور نپیئر تھانوں کے ایس ایچ اوز نے بھی اسپیشل پارٹی(برگلی)بنائی ہوئی ہے،اسپیشل پارٹیوں کے انچارج لیاری کے اطراف سمیت دیگرعلاقوں سے جرائم پیشہ اوربے گناہ شہریوں کواٹھاکرلاتے ہیں اوران سے مبینہ طورپرہزاروں روپے رشوت لینے کے بعد چھوڑدیتے ہیں،کلری تھانے کا پولیس اہلکارفاروق نیازی،چاکیواڑہ تھانے کاسہیل کراچی پولیس کے اعلیٰ افسر،ڈی آئی جی ساؤتھ اورایس پی لیاری کے نام پرجوئے سٹے اورمنشیات کے اڈوں سے مبینہ طورپرہفتہ وار بھتہ وصول کر رہے ہیں ، اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں چلنے والے منشیات ، جوئے اور دیگر جرائم کے اڈوں سے کانسٹیبل مقصوداور اسلم نیازی پولیس کے اعلیٰ افسران کے نام پرمبینہ طور پر بھتہ وصول کر رہے ہیں۔مدینہ کالونی تھانے کااہلکاربابر ، جیکسن تھانے کا اہلکار ریاض،ڈاکس تھانے کاہیڈ کانسٹیبل وحید،موچکو تھانے کا ہیڈ کانسٹیبل نزاکت پولیس کے اعلیٰ افسران کیلیے جرائم کے اڈوں سے مینہ طورپربھتہ وصول کر رہے ہیں۔



ماڑی پور تھانے کے ایس ایچ او شفیق تنولی نے اعلیٰ افسران کے لیے بھتہ جمع کرنے کیلیے لیاری گینگ وارکے پولیس کو مطلوب ملزمان کی خدمات حاصل کی ہوئی ہیں جو بھتہ جمع کرنے کے بعدپولیس کے اعلیٰ افسران کوخود بھتہ پہنچاتے ہیں جبکہ زونل پولیس افسران کی ہدایت پرشہرکے بیشترعلاقوں رضویہ تھانے کی حدودناظم آبادنمبر2،پاپوش نگرتھانے کی حدود عجب خان کالونی،سائٹ اے کے علاقے پٹھان کالونی،سائٹ بی کے علاقے ہارون آباد،پیر آباد کے علاقے بنارس پل کے نیچے،کٹی پہاڑی اورمچھلی محلہ بنارس،مومن آباد کے علاقے پریشان چوک،فقیر کالونی ، بجلی نگر ، اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ علیگڑھ، میانوالی کالونی، فرنٹیئر کالونی، اورنگی ٹاؤن 4 نمبر قبرستان ، منگھو پیر چادر فیکٹری روڈ ، نیو کراچی خمیسو گوٹھ ، ملیرسٹی آنسو گوٹھ ،سعود آباد،کھو کھرا پار ، سول لائن کے علاقے ہجرت کالونی ، سلطان آباد ، سی آئی ڈی سینٹر کے عقب میں ریلوے پٹری کے ساتھ ، گلبرگ موسیٰ کالونی ، ایمپریس مارکیٹ ، شرافی گوٹھ ، سرجانی ٹاؤن ، پی آئی بی کالونی کے علاقے کرنال بستی، عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال پاناما سینٹر سے متصل لیاری ندی میں جوئے ، سٹے اور منشیات کے اڈے کھلے عام پولیس کی سرپرستی میں زور شور سے چل رہے ہیں جبکہ گلشن اقبال جمالی گوٹھ2 پولیس اہلکار بھائیوں نے جوئے اور سٹے کا کاروبار شروع کر دیا ہے جہاں سے پولیس کے اعلیٰ افسران کو مبینہ طور پر ہفتے وار بھتے پہنچایاجا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ لیاری گینگ وار کے ملزمان اپنے اپنے علاقوں میں کھلے عام گھوم رہے ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ ندیم جاپان والارانگی واڑہ جامع مسجدکے سامنے ایک گودام میں اپنے دیگر کارندوں کے ہمراہ تریاک فروخت بھی کرتاہے اور خود بھی اس کا نشہ کرتاہے۔نور محمد عرف بابا لاڈلا کلاکوٹ کے علاقے لاغربلڈنگ کے نیچے اپنے کارندوں کے ہمراہ بیٹھا رہتاہے ، اسماعیل افشانی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ افشانی گلی میں گھومتاہے اوررات12بجے کے بعدبابا لاڈلا کے ساتھ بیٹھتاہے،تاج محمد عرف استاد تاجو اورشاہد مکس پتی پورے لیاری میں کھلے عام گھومتے رہتے ہیں،جبار لنگڑا اور آصف کھناسعید آبادسنگو لائن میں کھلے عام جوئے اورمنشیات کا اڈا چلارہے ہیں، عبد الجبارعرف جینگو شاہ بیگ لائن میں ،سجاد کھتری کھڈہ مارکیٹ میں ، وسیع اﷲ لاکھو لیاقت کالونی ، فیصل پٹھان اور فوادگلستان کالونی ، شکیل کمانڈو عیدو لائن ، ملا نثار گبول پارک ، زاہد لاڈلا دبئی چوک ، جاسم گولڈن علی محمدمحلہ ، شکیل بادشاہ خان دریاآباد نیازی چوک گلی نمبر6،راشد اور محراب سرگواد محلہ زکری پاڑہ ، عدنان اور غلام شاہ لائن میں اپنے اپنے جوئے،سٹے اور منشیات کے اڈے علاقہ پولیس کی سرپرستی میں چلارہے ہیں جبکہ ٹارگٹڈ آپریشن میں شریک دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کوبھی اس بات کا علم ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ لیاری گینگ وار کے ملزمان کی جانب سے تاجروں،سرمائے داروں،دکانداروں اوردیگر دکانداروں پرچیوں کے ذریعے بھتہ جمع کرنے کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل گینگ وار کے ملزمان نے لائٹ ہاؤس ٹھٹھائی کمپاؤنڈ کے اطراف میں واقع چپل کی ہول سیل مارکیٹ کے تاجروں سے ایک کروڑ روپے بھتے کامطالبہ کیا تھا بعد ازاں بات چیت کے بعد تاجروں نے گینگ وار کے ملزمان کو 18نئی 125 موٹرسائیکلیں دے کراپنے جان چھڑائی جبکہ کھارادر ،کھجور بازار ، صرافہ بازار ، لی مارکیٹ گارڈن سمیت شہر کے متعدد علاقوں کے تاجروں سے بدستور بھتے پرچیوں کے ذریعے جمع کیا جا رہاہے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے پر اسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں