مصباح کی ناقدین کے بیانات پر بھی’’ٹک ٹک‘‘ شروع

لوگوں کی باتیں سنتا توکیریئر 2001 میں ہی ختم ہوچکا ہوتا، پاکستانی کپتان


Sports Desk October 23, 2013
کرکٹ کھیلتے ہوئے 15 سے 20 برس ہوچکے ، سب کچھ جانتا ہوں، مجھے علم ہے کہ کیا درست اور کیا غلط ہے۔کپتان۔ فوٹو: آئی سی سی/گیٹی امیجز/فائل

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ناقدین کے بیانات پر بھی''ٹک ٹک'' شروع کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسی باتوں پر کان دھرتا تو کب کا کیریئر ختم ہوچکا ہوتا،کئی برس سے کرکٹ کھیل رہا اور اپنا اچھا بُرا خوب سمجھتا ہوں، میری توجہ ہر میچ میں اچھا پرفارم کرنے پر مرکوز رہتی ہے۔ مصباح الحق کو زمبابوے کے ہاتھوں ٹیسٹ میں شکست کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، انھیں کپتانی سے ہٹانے کا بھی مطالبہ سامنے آیا تھا، اب پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دی تو پھر سے مصباح کے قصیدے پڑھے جانے لگے، دوسرے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے واضح کیاکہ میں معترضین کی پروا ہی نہیں کرتا،لوگ جو کہتے ہیں ان سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر میں ان کی سنتا تو میرا کیریئر 2001 میں ہی ختم ہوچکا ہوتا، میں تو ان لوگوں کی کوئی بات سننا تک نہیں چاہتا کیونکہ مجھے خود کرکٹ کھیلتے ہوئے 15 سے 20 برس ہوچکے اور سب کچھ جانتا ہوں، مجھے علم ہے کہ کیا درست اور کیا غلط ہے۔



مصباح اپنی ٹیم کو 2003 کے بعد پہلی بار جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز فتح دلانے کیلیے پُرعزم ہے، صرف ڈرا میچ بھی پاکستان کو اس اعزاز کا حقدار بنادے گا، انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی، ان پر اکثر سست بیٹنگ کا اعتراض ہوتا مگر اکثر ٹیم کے ٹوٹل کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ 39 سالہ مصباح کی پرفارمنس رواں برس زیادہ بہتر رہی، وہ 1441 انٹرنیشنل رنز کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، اس میں 6 ٹیسٹ میں اسکور کیے گئے 480 اور 21 ون ڈے میچز کے 961 رنز بھی شامل ہیں۔

مصباح نے 2001 سے 2003 تک صرف پانچ ٹیسٹ کھیلے تھے، پھر ان کی 2007 میں واپسی ہوئی اور وہ ٹیم کا مستقل حصہ بنے، 2010 میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد انہوں نے ٹیم کی قیادت سنبھالی، کپتانی سے مصباح کے کھیل میں مزید بہتری آئی، بطور کپتان 23 ٹیسٹ میچز میں ان کی ایوریج 58.53 جبکہ ون ڈے میچز میں 50 ہے۔ انہوں نے ان 23 میچز میں پاکستان کو 11میں فتح دلائی اور سات ڈرا ہوئے باقی پانچ میں شکست ہوئی، ان کی قیادت میں پاکستان 53 ون ڈے میچز میں سے 30 میں فتح حاصل کرچکا۔مصباح کا کہنا ہے کہ میری توجہ ہر میچ میں بہتر پرفارمنس پر ہے اور میں یہی کررہا ہوں، میں کبھی کسی کی بات نہیں سنتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں