
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی کوئی فیصلہ کرنا ہو تو انصاف وقانون کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں، انسانی جان سب سے قیمتی ہے، میرے نزدیک اس کا حل یہ ہے کہ ہم دہشت گردوں کو دہشت گرد قرار دیں کسی کو چھتری فراہم نہ کریں۔ راولپنڈی کا سانحہ دہشت گردی کی کارروائی ہے، تمام علما بیٹھیں اور مسلک کی بجائے دین کے وکیل بنیں، اختلافی امور کو درس وتدریس کا حصہ بنائیں مگر عوامی اجتماعات کا نہیں، فتوے اور تبریٰ بھیجنا روک دیں ۔ مجلس وحدت المسلمین کے علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ ہمیں قانون مضبوط بنانا چاہیے۔

ایک خاص گروہ نے پاکستان کا کوئی ادارہ اور طبقہ فکر نہیں چھوڑا، یہ ایسا گروہ ہے جو ہر جگہ گھس جاتا ہے اور آگ لگاتا ہے، لوگوں کا قتل عام کرتا ہے، سانحہ پنڈی حکومت اورامن قائم کرنے والوں کی ناکامی ہے،جوبھی مجرم ہے اسے سزادی جائے،تحقیقات میں تعاون کیلیے تیار ہیں۔ رہنماسنی اتحاد کونسل حامد رضا نے کہا کہ اس کے حل کا ایک ہی سادہ سا طریقہ ہے کہ حکومت اورعدلیہ اپنا صحیح کردار ادا کریں۔ صدر انجمن تاجران راولپنڈی شرجیل میر نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ابھی تک چھ ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے، تمام مکاتب فکر کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا چاہیے کہ کچھ عرصے کیلیے جلوسوں کو ملتوی کر دیں، اجتماعات کو روکنا ہی ان مسائل کا حل ہے۔ سانحہ میں تین سے چارسو خاندان معاشی طور پر تباہ ہوئے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔