قومی ائیر لائن بالاخر تین روز بعد مسافروں کو لندن سے وطن واپس لانے میں کامیاب ہوگئی،لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایک مسافر خاتون اتنا برسیں کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی شادی کی ذمہ داری پی آئی اے پر ہی ڈال دی۔
ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا 6 روز کی چھٹی پر رشتے کے لئے لڑکی دیکھنے پاکستان آیا ہے لیکن قومی ایئرلائن انتظامیہ نے 2 راتوں تک ائیرپورٹ پر بٹھائے رکھا اور اب نہ جانے بچے کا رشتہ ہوگا یا نہیں، غصے کے عالم میں خاتون نے کہا کہ اگر بیٹے کا رشتہ نہ ہوا توان کے بیٹے کے لیے پی آئی اے لڑکی ڈھونڈ کر دے۔
دوسری جانب دلہا بننے کا خواب آنکھوں میں سجائے عمارنے پی آئی اے سے شکوہ تو کیا لیکن ساتھ ہی اسے قسمت کا لکھا جان کر قبول بھی کرلیا لیکن عمار کی والدہ قسمت کا لکھا ماننے کو تیار نہیں اسی لیے انہوں نے رشتہ ڈھونڈنے کی ذمہ داری پی آئی اے پرڈال دی ہے۔