مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی دھوم تھری نے 500 کروڑ سے زائد کا بزنس کر کے ماضی کے تمام ریکارڈز توڑکر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا۔
20 دسمبر کو ریلیز ہونے والی دھوم تھری نے3 ہفتوں سے دنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 5 ارب 12 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے، یش راج فلم پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم مقامی مارکیٹ میں 351 کروڑ 29 لاکھ اور عالمی مارکیٹ میں 150 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے،فلم دھوم تھری نہ صر ف بھارتی باکس آفس پر بلکہ غیرملکی باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے۔
فلم میں عامر خان اور کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیا جبکہ ابھیشک بچن اور اودھے چوپڑا بھی اہم کاسٹ کا حصہ ہیں، دھوم تھری کی جاپان، روس ، جرمنی، رومانیا ، پیرو اور ترکی میں بھی ریلیز کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔