پشاورکے سینما میں 3 دھماکے 11 افراد جاں بحق اور 20سے زائد زخمی

تینوں دھماکے چینی ساختہ دستی بموں سے کئے گئے، سی سی پی اوپشاور


ویب ڈیسک February 11, 2014
دھماکا اس وقت ہوا جب شمع سینما میں شو چل رہا تھا اور اس وقت 60 سے 70 افراد سینما ہال کے اندر موجود تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: شمع سینما کے ہال میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکوں کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں جی ٹی روڈ کے قریب واقع شمع سینما میں یکے بعد دیگرے 3 زور دار دھماکوں کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور20سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب شمع سینما میں شو چل رہا تھا اور اس وقت 60 سے 70 افراد سینما ہال کے اندر موجود تھے، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منقتل کردیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جب کہ اسپتال میں بھی ایمرجنسی نافذ کرکے تمام پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھی طلب کرلیاگیا۔

سی سی پی او پشاور کا دھماکے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پکچر ہاؤس سینما میں دھماکے کے بعد تمام سینما مالکان کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے تھے اور سینما گھروں کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں دھماکے چینی ساختہ دستی بموں سے کئے گئے، دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے آئی جی خیبرپختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی پشاور میں پکچر ہاؤس سینما میں ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں