افتخار چوہدری نے ہر غیر اہم ایشو پر نوٹس لیا دھاندلی سے نظریں چرالیں  عمران خان

سابق چیف جسٹس کارویہ دیکھ کربھارتی امپائریادآگیا،نوازشریف بتائیں کہ1500ووٹ والےپولنگ اسٹیشن سے انھیں 8 ہزارکیسے پڑگئے


Numaindgan Express April 11, 2014
کرپشن روکنے کے لیے پہلے اثاثے ڈکلیئرکرناہوں گے، خطاب، پشاورمیں شوکت خانم اسپتال کے 3 فلورز کی تکمیل پرعوام کا شکریہ فوٹو:فائل

KARACHI: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے قوم کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا۔

انھوں نے ہرغیراہم ایشو پرسوموٹو لیا لیکن انتخابات میں دھاندلی سے نظریں چرا لیں،کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب، انویسٹی گیشن کے اداروں کوآزاد ہونا چاہیے، نوازشریف بتائیں کہ جس پولنگ اسٹیشن پر 1500 رجسٹرڈ ووٹ تھے وہاں سے ان کے حق میں 8 ہزار ووٹ کیسے پڑ گئے، ملک میں قوانین موجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن کی کتاب ''ہاں یہ سچ ہے ''کی تقریب رونمائی سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن میں سرگودھا کے ایک پولنگ اسٹیشن پر کل رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد 1500 تھی مگر وہاں میاں نواز شریف کو کیسے 8 ہزار ووٹ پڑ گئے ،میاں صاحب کو چاہیے تھا کہ پولنگ ایجنٹ، پریذائڈنگ افسر اور ریٹرننگ افسر کو پوچھتے اور جو بھی ذمے دار ہوتا اسے سزا دیتے اور جیل میں ڈال دیتے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے چیف جسٹس افتخار چوہدری سے بہت مایوسی ہوئی۔

چیف جسٹس نے دھاندلی کے خلاف احتجاج پر مجھے توہین عدالت میں طلب کر لیا ۔عدالت میں پیشی کے دوران میں نے کہا کہ ہم نے 65 حلقوں میں دھاندلی کے خلاف اپیل کی ہوئی ہے مگر آپ صرف 4 حلقوں کا آڈٹ کروا دیں تا کہ قوم کو سچ معلوم ہو جائے مگر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ میرے سامنے 20 ہزار کیس پڑے ہیںجس پر میں نے چیف جسٹس سے کہا تھا کہ آپ تو چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی از خود نوٹس لے لیتے ہیں یہاں تو مینڈیٹ چوری ہوا ہے ، اس وقت چیف جسٹس کا چہرہ دیکھ کر مجھے بھارت کے ایک امپائر کی یاد آ گئی جس نے ایک میچ کے دوران اپنی ٹیم کے ایک کھلاڑی کے واضح ایل بی ڈبلیو کو دیکھتے ہوئے بھی میری اپیل پر نظریں جھکالی تھیں۔ عمران خان نے کہا کہ کرپٹ آدمی لیڈر بن جائے تووہ قومی ادارے بھی کرپٹ کر دیتا ہے ، ہمارا تو المیہ یہ ہے کہ پاکستان کو آج تک اچھے آمر بھی نہیں ملے جو یہ کہہ سکتے اور کرسکتے کہ میں 5 سال میں یہ کام کر دوں گا۔سیاستدانوں اور حکمرانوں کو اپنے اثاثے ڈیکلیئر کرنا چاہیے۔ دریں اثنا شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین عمران خان نے پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے 3 فلورز کی تعمیر مکمل ہونے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں