کراچی ایئرپورٹ حملہ کولڈ اسٹوریج میں پھنسے 7 افراد کی لاشیں برآمد

ایک شخص کی شناخت عنایت کے نام سے ہوئی ہے جب کہ باقی 6 افراد کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر


ویب ڈیسک June 10, 2014
کولڈ اسٹوریج میں پھنسے افراد کی لاشوں کو 28 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد باہر نکالا گیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے وقت اپنی جان بچانے کے لئے کولڈ اسٹوریج میں پناہ لینے والے 7 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں ہیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کولڈ اسٹوریج میں پھنسے 7 افراد کی لاشیں جناح اسپتال لائی گئی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت عنایت کے نام سے ہوئی ہے جب کہ باقی 6 افراد کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاشوں کی شناخت کے لئے ان کے گھر والوں کے ڈی این اے ٹیسٹ لئے جائیں گے، اس عمل کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے جس میں 3 ہفتوں کا وقت درکار ہو گا، ڈی این اے سے شناخت کے بعد لاشوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کولڈ اسٹوریج میں پھنسے افراد کی لاشوں کو 28 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد باہر نکالا گیا، آگ لگنے کے باعث کولڈ اسٹوریج کھنڈر کی شکل اختیار کر چکا ہے، تپش کے باعث امدادی ٹیموں کے اہلکاروں کو ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر 2 روز قبل ہونے والے حملے کے نتیجے میں ٹرمینل ٹو پر کام کرنے والی نجی کارگو سروس کے 7 ملازمین کے لاپتا ہونے کا انکشاف ہوا تھا جن کی شناخت شیزان، نبیل، فرید، سیف، سلطان، فرحان اور عنایت کے ناموں سے ہوئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں