آلو کے مزیدار پنیری بالز

آلو کے پنیری بالز بچوں کو تو پسند آئیں گے ہی اور ہمارا دعویٰ ہے کہ بڑے انہیں کھائے بغیر رہ نہ پائیں گے۔


ویب ڈیسک May 16, 2018
آلو کے پنیری بالز بچوں کو تو پسند آئیں گے ہی اور ہمارا دعویٰ ہے کہ بڑے انہیں کھائے بغیر رہ نہ پائیں گے۔ فوٹو؛فائل

ایکسپریس رمضان پکوان میں پیش ہیں آلو کے مزیدار پنیری بالز جو یقیناً آپ کے افطار دسترخوان کی رونق بڑھائیں گے۔

اجزا:

آلو (ابلے اور بھرتہ کئے ہوئے) آدھا کلو، پنیر (کدوکش) 150 گرام، ہرا دھنیا (چوپ کیا ہوا) آدھی گڈی، لہسن (چوپ کئے ہوئے) 5 جوئے، ہری مرچیں (چوپ کی ہوئی) 4 عدد، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، پسا ہوا سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ، میدہ چھنا ہوا آدھی پیالی، انڈے 4 عدد، ڈبل روٹی کا چورہ ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ، تیل تلنے کے لئے، سلاد کے پتے سجانے کےلئے اور ٹماٹو کیچپ آلو کے پنیری بالز کے ساتھ پیش کرنے کےلئے۔

ترکیب:

ایک پیالے میں پنیر، دھنیا، لہسن، ہری مرچیں، زیرہ اور نمک ملالیں۔ ہتھیلی کو گیلا کرکے تھوڑے سے آلو رکھیں اور اس کے درمیان میں پنیر کا تھوڑا سا آمیزہ بھر کر گیند کی شکل دے دیں۔ گیند کو پہلے میدے، اور پھر انڈے اور ڈبل روٹی کے چورے میں لپیٹ لیں۔ اس عمل کو دہراتے ہوئے سارے آلوؤں کی بالز تیار کرلیں۔

تمام آلوؤں کی بالز بنانے کے بعد کڑاہی میں تیل گرم کریں اور بالز کو سنہری ہونے تک تل کر نکال لیں۔ سرونگ ڈش کو سلاد پتوں سے سچا کر آلو کے پنیری بالز اس پر رکھیں اور ٹماٹو کیچپ کے ہمراہ پیش کریں جو بچوں کو تو پسند آئیں گے ہی اور ہمارا دعویٰ ہے کہ بڑے انہیں کھائے بغیر رہ نہ پائیں گے۔

 

نوٹ: اگر آپ بھی ہمیں کھانے کی ترکیب بھیجنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنے مکمل نام اور فون نمبر کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ کھانے کی ترکیب کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں