فیفا ورلڈ کپ جرمنی تھرڈ پوزیشن ٹیم کی چھاپ اتارنے کیلیے بے قرار

گذشتہ2 میگا ایونٹس میں سیمی فائنل تک محدود رہنا پڑا، اب ریو میں فیصلہ کن معرکہ بھی کھیلنا چاہتے ہیں،کوچ کا عزم


Sports Desk July 07, 2014
گذشتہ2 میگا ایونٹس میں سیمی فائنل تک محدود رہنا پڑا، اب ریو میں فیصلہ کن معرکہ بھی کھیلنا چاہتے ہیں،کوچ کا عزم۔ فوٹو: فائل

جرمنی فٹبال ورلڈکپ میں تھرڈ پوزیشن ٹیم کی چھاپ اتارنے کیلیے بے قرار ہے،کپتان فلپ لیہم چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ اسکواڈ کو سیمی فائنل میں ناکامی سے بچاتے ہوئے آگے لے جائیں، جرمن سائیڈ نے کوارٹر فائنل میں جمعے کی شب فرانس کو 0-1 سے شکست دی۔

اب منگل کو پہلے سیمی فائنل میں اس کا سامنا برازیل سے ہوگا جس نے رائونڈ 8 میں کولمبیا کو 1-2 سے زیر کیا، جرمنی اب لگاتار تیسری مرتبہ تھرڈ پوزیشن میچ میں جانے سے بچنا چاہتا ہے، ٹیم 2006 اور 2010 میں سیمی فائنل مرحلے تک محدود رہی تھی، لیہم نے کہا کہ کوارٹر فائنل ہمارا ریو میں آخری مقابلہ نہیں تھا، ہم 13جولائی کو وہاں فائنل بھی کھیلنا چاہتے ہیں، جرمن ٹیم اب تک 20 ورلڈ کپ میں سے 13 بار سیمی فائنلز مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے، آخری مرتبہ وہ 1998 کے ایڈیشن میں فائنل فور تک نہیں پہنچ پائی تھی، تین مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی جرمن سائیڈ کے کوچ جوکیم لیو اپنے 8 سالہ عہد میں ٹیم کو تمام چاروں بڑے ٹورنامنٹس کے سیمی فائنلز تک رسائی دلانے میں کامیاب رہے۔

ماریکانا اسٹیڈیم پر شیڈول فائنل میں جگہ بنانے کیلیے انھیں پہلے میزبان برازیل کو ٹھکانے لگانا ہوگا جو انجرڈ نیمار اور معطل کپتان تھیاگو سلوا کی خدمات سے محروم ہوگی، جرمن ٹیم چوتھا ٹائٹل جیتنے کیلیے 24 سالہ انتظار ختم کرنے کیلیے پُرامید ہے،کوچ لیو نے کہا کہ خاص پرفارمنس کی بدولت ہم اس بار بھی دنیا کی ٹاپ 4 سائیڈز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے لیکن اب ہمیں اس سے آگے بڑھنے کی کوشش کرنا ہوگی، ہماری ٹیم مستحکم، متوازن اور گیم کو کنٹرول کرنا جانتی ہے، جس کا عملی مظاہرہ ہم نے الجزائرکیخلاف پری کوارٹرفائنل میں کیا، ہماری ٹیم ہر گزرتے میچ کے ساتھ بہتر سے بہتر ہورہی ہے، ہم سخت محنت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں، فرانس کیخلاف کوارٹر فائنل کے موقع پر جرمن اسکواڈ کے7 پلیئرز بیمار ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں