فیفا ورلڈ کپ پہلے سیمی فائنل میں برازیل کو جرمنی کے ہاتھوں بدترین شکست

جرمنی کی جانب سے ٹونی کروز اور آندرے شرلے نے 2،2 جبکہ تھومس مولر، میروزلیو کلوزے اور سیمی کھدیرا نے ایک، ایک گول کیا


ویب ڈیسک July 09, 2014
برازیل کی جانب سے واحد گول میچ کے آخری لمحات میں آسکر نے کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے میزبان برازیل کو ایک کے مقابلے میں 7 گول سے بدترین شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

برازیل کے شہر بیلو ہوریزونٹے میں کھیلے گئے میچ کے ابتدا سے ہی ایسا لگ رہا تھا جیسے برازیل کی ٹیم سیمی فائنل کے دباؤ میں آکر فٹبال کھیلنا ہی بھول گئی ہے اور ناقص دفاع اور گول کیپرنگ کے باعث جرمنی کی ٹیم ایک کے بعد ایک گول کرتی چلی گئی جس سے برازیل کے کھلاڑیوں کی سٹی گم ہوگئی، جرمنی کی جانب سے پہلا گول 11ویں منٹ میں تھومس مولر نے کیا جبکہ دوسرا گول میروزلیو کلوزے نے 23ویں منٹ میں کیا، 24ویں اور 26ویں منٹ میں ٹونی کروز نے لگاتار 2 گول کرکے جرمنی کی برتری 0-4 کردی جبکہ 29ویں منٹ میں سیمی کھدیرا نے پانچواں گول کرکے برازیل کو پسپائی پر مجبور کردیا۔

دوسرے ہاف میں برازیل کی ٹیم ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتری لیکن جرمنی کی ٹیم بھی کہاں کمزور پڑنے والی تھی اور اس کے دفاعی کھلاڑیوں نے برازیل کے کئی یقینی گول بچائے اور مجموعی طور پر دوسرے ہاف میں بھی جرمنی کی ٹیم حاوی رہی اور اس نے اس ہاف میں بھی 2 گول کئے، دوسرے ہاف کا پہلا اور مجموعی طور پر چھٹا گول 69ویں منٹ میں جرمنی کے آندرے شرلے نے کیا جبکہ ساتواں گول بھی آندرے شرلے کے ہی نام رہا، برازیل کو اپنی عزت بچانے کا موقع میچ کے آخری اضافی لمحات میں ملا اور آسکر نے گول کرکے مقابلہ 1-7 کردیا لیکن اس وقت تک برازیل کے ہاتھ سے میچ نکل چکا تھا اور جرمنی نے پہلا سیمی فائنل جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

واضح رہے کہ ارجنٹینا اور ہالینڈ کے درمیان کل ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کے ساتھ 13 جولائی کو جرمنی فائنل میں مدمقابل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں