پشاور میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے شہید اہلکاروں کے ورثا کے لئے 30 ، 30 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔


ویب ڈیسک July 10, 2014
فائنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

نواحی علاقے چمکنی میں پولیس موبائل پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس کے بعد دونوں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے تھانہ چمکنی کی پولیس چوکی وحید آباد کی پولیس موبائل معمول کے مطابق گشت پر تھی کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 دہشتگردوں نے موبائل پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے پر 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سےایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ اس کے 2 دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک حملہ آور کی جیب سے اس کا شناختی کارڈ ملا ہے جس کے تحت اس کا نام ساجد اللہ اور اس کا تعلق لوئر دیر کے علاقے بدوان پایان سے تھا۔

بعد ازاں دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا، ڈپٹی کمشنر اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد پولیس اہلکاروں کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے شہید اہلکاروں کے ورثا کے لئے 30 ، 30 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں