
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے نجی ٹی وی پروگرام میں لندن سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان نے امریکا میں جا کر سبز جھنڈا بلند کیا، وہ قوم کا بیٹا ہے، وطن واپسی پر سلمان کو گورنر ہاؤس بلاکر شاباش اور انعام دوں گا۔گورنرسندھ عشرت العباد نے بھی سلمان کو حتیٰ الامکان امدادکی یقین دہانی کراتے ہوئے گورنر ہاؤس سندھ آنے کی دعوت دی۔ سلمان کی خوش قسمت والدہ نے قوم سے اپیل کی کہ جس طرح لیاری کے اسٹریٹ چائلڈ فٹبالروں کی عزت کی گئی، اسی طرح میرے بیٹے کی بھی عزت افزائی کی جائے اور اسے اس کا حق دیا جائے۔
پروگرام کے دوران سلمان نے وطن واپسی پر پرپذیرائی نہ ہونے پر جہاں مایوسی ظاہر کی وہاں دوگورنروں سے گفتگو کے بعد نئے عزم اور ولولے کا بھی اظہار کیا کہ اسے حکومتی حمایت حاصل رہی تو وہ نومبر میں ہونیوالے مسٹر یونیورس مقابلے میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑے گا۔
واضح رہے کہ سلمان نے میامی میں ہونے والے Muscle mania universe مقابلے میں دوسری پوزیشن لی تھی۔ اس نے بعدازاں سوشل میڈیا پر اپنی وڈیو شیئرکی تھی جس میں اس نے حکومت اور ہم وطنوں کی بے اعتنائی کا شکوہ کرتے ہوئے باڈی بلڈنگ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔