کیا کہا پہلی بار نام سنا ہے آپ نے ''اسموکڈ چکن چائنیز مرطبق'' ۔ ظاہر ہے پہلی بار ہی سنا ہوگا۔ آخر کار پاکستانی اپنی مرضی کی جگاڑ لگانے میں سب سے آگے ہیں۔
دراصل کہانی کچھ یوں ہے کہ ''مرطبق'' بنیادی طور پر عربی ڈش ہے جس میں قیمے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن میرے گھر میں صرف قیمہ کچھ زیادہ شوق سے کھایا نہیں جاتا۔ اوپر سے رمضان چل رہے ہیں سو روز افطاری میں کچھ نیا کھانے کا دل چاہتا ہے۔ اب اگر کھانا ہے تو بنانا بھی پڑے گا۔
لہذا میں نے بھی ایک عربی ڈش کو چائنیز کا تڑکا لگادیا۔ اور اسموکڈ چکن میری کمزوری ہے لہذا سادا کی چکن مجھے اسموکڈ چکن کو ترجیح دیتی ہوں۔ بس میں نے آستینیں چڑھائیں اور نیا تجربہ کرنے کھڑی ہوگئی۔ سوچا آپ سے بھی شیئر کرتے چلوں۔
اجزا:
- چکن۔ 2 سینے کے پیس
- شملہ مرچ ۔ 2 عدد
- گاجر۔ 2 عدد
- پتا گوبھی۔ آدھا ٹکڑا
- میکرونی۔ آدھا کپ
- پنیر (چیڈر چیز)۔ حسب ضرورت
- دہی۔ آدھا پاؤ
- لہسن ادرک۔ ایک چمچہ
- تیل۔ 4 کھانے کے چمچے
- سرکہ۔ 2 کھانے کے چمچے
- سوسا ساس۔ 1 کھانے کا چمچہ
- زردے کا رنگ۔ حسب ضرورت
- نمک۔ حسب ضرورت
- چائنیر نمک۔ حسب ضرورت
- کالی مرچ۔ حسب ضرورت
- کوئلہ۔ ایک ٹکڑا
- میدہ۔ ڈیرھ کپ
- آٹا ۔ ایک کپ
ترکیب:
مصالحہ بنانے کا طریقہ:
- سب سے پہلے ایک پتلی میں دہی، 3 چمچے تیل، سرکہ، سوسا ساس، نمک، زردے کا رنگ اور لہسن ادرک ڈال کر پھینٹیں۔ پھر اس میں چکن ڈال کر آدھا گھنٹا میرینیٹ ہونے کے لئے رکھ لیں۔
- آدھے گھنٹے بعد چکن کو چولہے پر چڑھادیں۔ مصالحہ خشک ہونے پر اس میں کوئلے کا دھواں لگا دیں اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔
- گاجر، شملہ مرچ اور پتا گوبھی کو باریک کاٹ لیں اور ہلکے سے تیل میں فرائی کرکے اسے چکن میں ملادیں۔
- میکرونی کو بھی ابال لیں اور چکن میں مکس کردیں۔
- اب چکن، سبزیوں اور میکرونی کے مصالحے میں نمک، چائنیز نمک اور کالی مرچ حسب ضرورت ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔
روٹی بنانے کا طریقہ:
- میدے، آدھا کپ آٹے، حسب ضرورت نمک اور ایک چمچے تیل کو ایک تسلے میں ڈال کر آٹا گوندھ لیں۔
- آٹے کے پتلی پتلی گول چپاتیاں بیل کر ایک طرف سے سیک لیں۔
لئی بنانے کا طریقہ:
- 3 کھانے کے چمچے آٹے کو ایک گلاس پانی اور ایک چٹکی نمک میں ایک پین میں اس وقت تک پکائیں جب تک گاڑھا ہو کر لئی نہ بن جائے۔
مرطبق بنانے کا طریقہ:
- میدے کی روٹی کو ایک چپٹی پلٹ یا ٹرے میں رکھیں اور اس کے بیچ میں مصالحہ اور حسب ضرورت پنیر ڈال کر اسے چاروں طرف سے فولڈ کرکے لئی لگا دیں۔
- نوٹ: زیادہ پنیر کے استعمال سے مرطبق زیادہ مزیدار بنتے ہیں۔
- روٹی کی چوکور یا باکس کی شکل اختیار کرلے گی۔
- نوٹ: لئی لگا ضروری ہے ورنہ تلتے وقت آپ کی روٹی کھل جائے گی۔
- اب گرم تیل میں مرطبق کو ڈیپ فرائی کرلیں۔
لیجئے آپ کا مرطبق تیار۔
یقین کیجئے خود تخلیق کردہ ڈش ''اسموکڈ چکن چائنیز مرطبق'' اتنے مزیدار تھے کہ میرے گھر والے کیا پڑوسی بھی انگلیاں بھی چاٹتے رہ گئے۔ آپ بھی بنائیں اور داد وصول کیجئے۔
نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمیں کھانے کی ترکیب بھیجنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ ترکیب کے ساتھ ڈش کی اصلی تصاویر بھیجنا ضروری ہے۔