کچھ ذائقے کھجور کے۔۔۔

توانائی سے بھرپور کھجور جلد ہضم ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے جسم میں خون پیدا کرتی ہے۔


مریم کنول July 14, 2014
توانائی سے بھرپور کھجور جلد ہضم ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے جسم میں خون پیدا کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

NEW WORK, USA: رمضان المبارک خواہ کسی بھی موسم میں آئیں۔ کھجور اس ماہ کے لیے گویا لازم وملزوم ہے۔

روزے دار کھجور سے اپنے روزے افطار کرتے ہیں۔ یہی نہیں بعض لوگ سحری میں بھی کسی نہ کسی شکل میں کھجور کا استعمال کرتے ہیں۔ قرآن کریم اور احادیث میں بھی اس پھل کا ذکر موجود ہے۔ کھجور کو پانی میں بھگو کر نکالا گیا اس کا عرق جسم کی فاسد رطوبتوں کو خشک کرتا ہے۔ معدے کو تقویت دیتا ہے۔ منہ کے زخموں کو مندمل کرتا ہے۔ خاص طور پر مسوڑھوں کی سوزش میں خاصا مفید ہے۔

توانائی سے بھرپور کھجور جلد ہضم ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے جسم میں خون پیدا کرتی ہے۔ جسم کو فربہ کرتی ہے۔ فالج اور لقوہ کے امراض میں بے حد مفید ہے۔ جلی ہوئی کھجور کا سفوف زخموں سے خون کا رساؤ روکتا ہے اور زخم مندمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کھجور گردے اور کمر کو طاقت دیتی ہے۔ خشک کھانسی اور دمے میں کھجور کا استعمال انتہائی مفید ہے۔ گیس کے مریض صبح ناشتے میں تین سے گیارہ کھجوریں کھا کر پانی یا دودھ پیئں، تو اس مرض سے نجات مل جاتی ہے۔

ایک پاؤ کھجور پندرہ روز تک کھا کر دودھ پینے سے دبلے پن کو افاقہ ہوتا ہے۔ یہ قبض کو دور کرنے کے ساتھ پیشاب آور بھی ہے۔ کھجور کے درخت کا گوند بیرونی چوٹوں کے لیے مفید ہوتا ہے۔ گردے، مثانہ اور پتے کے لیے کھجور کا استعمال انتہائی مفید ہے۔ نہار منہ کھجور کا استعمال پیٹ کے کیڑے مارتا ہے۔

یہاں کھجورکے کچھ منفرد ذائقے پیش خدمت ہیں۔

کھجور کی روٹی

اجزا:

میدہ (آدھا کلو)، گھی (ایک پاؤ)، دودھ (ایک کلو)، نمک (ڈیڑھ تولہ)، چھوہارے (حسب ذائقہ)



ترکیب:

پہلے میدے کو آدھے گھی میں اچھی طرح گوندھیں، پھر دودھ میں نمک گھول کر اسے سخت گوندھ لیں۔ اس آٹے کی روٹی کے دو پیڑوں میں پسے ہوئے چھوہارے بھر دیں اور دونوں پیڑوں کو ملا کر پکائیں اور گھی لگاتے جائیں۔ جب سرخ ہو جائیں، تو دودھ اور پانی کا چھینٹا دے کر اتار لیں۔ اسی طرح آپ میوؤں کی روٹی پکا سکتے ہیں، جو کھانے میں بے حد لذیذ ہے۔

کھجور کولا ڈا

اجزا:

بڑی نرم کھجور (200 گرام)، انجیر (تین عدد)، کریم (ایک پیالی)، شہد (ایک کھانے کا چمچا)، دودھ (ایک پیالی)، کوکونٹ ملک (ایک پیالی)



ترکیب:

کھجور کی گھٹلیاں نکال لیں اور انجیر کو نرم کرنے کے لیے تھوڑی دیر کے لیے پانی میں بھگو دیں۔ اس کے بعد انجیر دودھ میں ڈال کر پکائیں۔ تھوڑی دیر بعد اسے ٹھنڈا کر کے اس میں شہد کریم اور کوکونٹ ملک ڈال کر خوب اچھی طرح گرائنڈ کر لیں۔ اگر چاہیں تو کچلی ہوئی برف ڈال کر دوبارہ گرائنڈ کر لیں۔ مزے دار کھجور کولا ڈا تیار ہے۔

کھجور کا حلوہ

اجزا:

کھجور (آدھا کلو)، دودھ (ایک کلو)، چھوٹی الائچی (آٹھ عدد)، چینی (ایک پاؤ)، چنے کی دال (ایک پاؤ)، کیوڑہ (چھے چائے کے چمچے)، بادام، پستے (حسب ذائقہ)



ترکیب:

کھجوریں دھو کر گھٹلیاں نکال لیں۔ چنے کی دال بھی صاف کر لیں۔ دودھ گرم کریں اور دال ڈال کر پکائیں۔ دال گل جائے تو اتار کر باریک پیس لیں۔ کھجوروں کو بھی پیس کر ملا دیں۔ ایک کڑاہی میں گھی گرم کریں اور دال کھجور کا آمیزہ ڈال کر بھونیں۔ پانچ منٹ بعد چینی ڈالیں۔ چینی کا پانی خشک ہو جائے، تو بادام، پستہ اور کیوڑہ ڈال کر اتار لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |