جرمنی 24 برس بعد دنیائے فٹبال کا نیا حکمران بن گیا

فائنل مقابلے کا مقررہ وقت بغیر کسی گول کے ختم ہوا جس کے بعد میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔


ویب ڈیسک July 14, 2014
ماریو گوئٹزے نے میچ کے اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں گول کرکے جرمنی کو عالمی چیمپئن کا حق دار بنادیا۔ فوٹو: رائٹرز

فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں 3 بار کے عالمی چیمپئن جرمنی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 بار کے عالمی چیمپئن ارجنٹائن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر چوتھی بار فٹ بال کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اورابتدا ہی سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے، میچ کے 35ویں منٹ میں ارجنٹائن کو گول کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن اس نے یہ موقع گنوا دیا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک بار گیند کو جال میں ڈالا لیکن ریفری کے آف سائیڈ کے فیصلے نے کھلاڑیوں کی خوشی کے لمحات کو مایوسی میں بدل دیا اور یوں میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔

میچ کا دوسرا ہاف بھی سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر ایک بار پھر بھرپور وار کئے لیکن دونوں ٹیموں کے تمام حملے ناکام رہے اور کوئی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی۔ میچ کے پہلے ہاف کی طرح دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن کوئی ٹیم ان سے فائدہ نہ اٹھاسکی اور اس طرح میچ کا مقررہ وقت بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوا جس کے بعد میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی میسی، مولر، کلوزے سمیت دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی گول کرنے کی تمام کوششیں رائیگاں گئی لیکن دوسرے ہاف میں جرمن تماشائی اور شائقین اس وقت خوشی سے بے حال ہوگئے جب ماریو گوئٹزے نے انتہائی اہم گول کرکے جرمنی کو فتح کن برتری دلادی اور جرمنی نے یہ فائنل مقابلہ صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت کر فٹ بال کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں