شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں نے حضرت یونس علیہ السلام کا مزار شہید کردیا

جنگجوؤں نے مزار اور اس سے متصل 138 ھجری میں تعمیر کی گئی جامع مسجد میں دھماکا خیز مواد رکھ کر اسے اڑا دیا


ویب ڈیسک July 25, 2014
اس سے قبل جمعرات کو داعش کے جنگجوؤں نے موصل میں پیغمبر حضرت دانیال کے مزار کو بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا. فوٹو؛ عرب نیوز

شدت پسند تنظیم دولت اسلامی عراق وشام ( داعش ) نے عراقی شہر نینویٰ میں جلیل القدر پیغمبر حضرت یونس علیہ السلام کے مزار کو شہید کر دیا۔


عرب نیوز کے مطابق داعش کے جنگجوؤں نے مشرقی موصل میں حضرت یونس کے مزار اور اس سے ملحقہ مسجد پر مکمل قبضے کے بعد مسجد کو نمازیوں کے لیے بند کر دیا جس کے بعد مزار کو بارودی مواد رکھ کر اڑا دیا جبکہ مزار سے متصل 138 ھجری میں تعمیر کی گئی جامع مسجد بھی منہدم ہوگئی۔


داعش کے جنگجوؤں نے موصل میں جامع حسینہ اور امام ابوالعلی کا مزار بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا اس کے علاوہ الفیصلیہ کے مقام پر امام بارگاہ فاطمیہ اور جامع مسجد کو بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا گیا ہے۔


اس سے قبل گزشتہ روز داعش کے جنگجوؤں نے موصل میں پیغمبر حضرت دانیال علیہ السلام کے مزار کو بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا، بدھ کے روز مغربی موصل میں امام یحییٰ ابو القاسم کے مزار کو بھی دھماکا خیز مواد رکھ کر تباہ کیا گیا۔


واضح رہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے جون کے اواخر میں عراق کے دوسرے سب سے بڑے شہر موصل سمیت کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد مسلسل مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے