شریف برادران کی بادشاہت ختم کرکے غیر سیاسی حکومت بنائی جائے عمران خان کا مطالبہ

آج تک کسی کمیشن نےفیصلہ نہیں کیاجبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پرجو کمیشن بنا اس کےنتیجےمیں گلو بٹ رہا ہوگیا،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 13, 2014
عوام اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے مارچ میں بھرپور شرکت کرے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کا سمندر اسلام آباد جائے گا اور شریف برادران کی بادشاہت ختم کرکے ایک غیرجانبدار حکومت بنوائیں گے۔


زمان پارک کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر ٹیکنو کریٹک نہیں بلکہ غیر سیاسی اور غیر جانبدار حکومت کا مطالبہ کریں گے اور جب تک انصاف نہیں ملے گا اسلام آباد کی سڑکوں پر رہیں گے، ملک میں آج تک احتساب کا عمل نہیں ہوا تاہم تحریک انصاف احتساب کا عمل نافذ کر کے دکھائے گی اور ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنا کر رہیں گے، ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم پاکستان کو حقیقی آزادی دلا کر رہیں گے، شریف خاندان کی بادشاہت ختم کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حمود الرحمان کمیشن سے لے کر آج تک کسی کمیشن نے فیصلہ نہیں کیا جبکہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام پر ہی کمیشن بنا لیکن اس کے نتیجے میں گلو بٹ رہا ہوگیا۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چوراور لٹیرے حکمرانوں کے خلاف مثالی جدوجہد کا وقت آن پہنچا ہے، نوجوان نیا پاکستان بنانے کے لئے گھروں سے نکل آئیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کچھ بھی ہو جمعرات کی صبح 10 بجے آزادی مارچ کے لئے زمان پارک سے نکلیں گے جبکہ انہوں نے اس دوران عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے مارچ میں شرکت کرے۔

دوسری جانب عمران خان کی رہائش گاہ پر پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی جبکہ اجلاس میں جاوید ہاشمی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مارچ کے لئے 75 ہزار موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے جبکہ پارٹی رہنماؤں کو رات تک ایک لاکھ موٹرسائیکلوں کا ہدف مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، مارچ کے لئے گاڑیوں کے ایندھن اورخوارک کا ذخیرہ کرلیا گیا جب کہ چھتری،پارٹی پرچم والی شرٹس اور جھنڈے بھی کثیرتعداد میں موجودہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں