کولمبو ٹیسٹ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا لئے

سری لنکا کو قومی ٹیم پر 165 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، سنگاکارا 54 اور جے وردھنے 49 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔


ویب ڈیسک August 16, 2014
سرفراز احمد کے 103 رنز کے ساتھ پاکستانی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بنا سکی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

سری لنکا نے کولمبو ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنالئے جبکہ اسے قومی ٹیم پر 165 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

کولمبو کے سنہیلز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے جارہے 2 ٹیسٹ میچز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم 332 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ جواب میں سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی پراعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا گیا اور اوپننگ بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 54 رنز جوڑے اوپل تھرنگا 45 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 79 کے مجموعی اسکور پرکشال سلوا بھی 17 رنز بنانے کے بعد عبدالرحمان کا شکار بن گئے۔ کمار سنگاکارا اور مہیلاجے وردھنے پاکستانی بولروں کے سامنے ڈٹ گئے اور تیسرے روز کھیل کے اختتام تک سنگاکارا 54 اور جے وردھنے 49 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو سرفراز احمد 66 اور عبد الرحمان ایک رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، عبدالرحمان زیادہ دیر بلے باز کا ساتھ نہ دے سکے اور 16 رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کا شکار بن گئے، اس کے بعد سرفراز کا ساتھ دینے کے لئے وہاب ریاض گراؤنڈ میں آئے اور وہ بھی 17 رنز بنا کر ہیراتھ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے لیکن دوسری جانب نوجوان وکٹ کیپر بلے باز نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور انھوں نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی پہلی سنچری مکمل کی، سرفراز احمد 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستانی پوری ٹیم 332 رنز بنا سکی۔

سری لنکا کی جا نب سے رنگنا ہیراتھ نے کیرئیر بیسٹ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز دے کر 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایک وکٹ دھمیکا پرساد کے حصے میں آئی۔ میزبان ٹیم کے وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا نے اسٹمپ کے پیچھے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 320 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان کی جانب جنید خان نے 5 اور وہاب ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ سری لنکا کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں