فلم ’’راجا نٹورلال‘‘ میں عمائمہ نے اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر دیا بالی ووڈ اسٹارز

اپنے کردارکو حقیقت کا رنگ دینے والی عمائمہ بالی ووڈ میں ایک خوبصورت اضافہ ہے، پاریش راول،انوپم کھیر،رضا مراد،مہیش بھٹ


Showbiz Desk/Qaiser Iftikhar August 30, 2014
سینئرز کی طرف سے سراہا جانا اعزاز سے کم نہیں، عمائمہ کی ایکسپریس سے گفتگو، عمران کی معین الدین چشتیؒ کے مزار پر کامیابی کی دعا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل عمائمہ ملک کی بالی ووڈ میں پہلی فلم ''راجا نٹورلال'' گزشتہ روز سینما گھروں کی زینت بن گئی، فلم کی ریلیز کے موقع پر معروف فنکاروں نے عمائمہ ملک کی بہترین اداکاری پر خوب داد دی ہے۔

ساتھی اداکار پاریش راول اور کے کے مینن کے علاوہ انوپم کھیر، کرن کھیر، رضا مراد اور مہیش بھٹ سمیت دیگرنے عمدہ اداکاری پر پاکستانی فنکارہ کو مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ بالی وڈاسٹارز کا کہنا تھا کہ عمائمہ ملک کی فنکارانہ صلاحیتوں کو ہم ان کی ایک پاکستانی فلم کے ذریعے دیکھ چکے تھے لیکن ایک منفرد کردار کو نبھاتے ہوئے جس طرح سے انھوں نے اپنے کردار میں حقیقت کے رنگ بھرے ہیں، وہ ایک نوجوان اداکارہ کے لیے چیلنج سے کم نہ تھا، ہم سمجھتے ہیں کہ عمائمہ ملک بالی ووڈ میں ایک خوبصورت اضافہ ہیں جنہیں اداکاری کے ساتھ ساتھ رقص پربھی عبور حاصل ہے۔

اسی طرح کے خوبصورت فنکاروں کی آمد کی بدولت بالی ووڈ دنیا کی مقبول ترین فلم انڈسٹری بنا ہے۔ بھارتی فنکاروں کی جانب سے پہلی فلم کی ریلیز کے بعد ملنے والے رسپانس پر عمائمہ ملک نے ''ایکسپریس'' سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ انوپم کھیر، کرن کھیر، پاریش راول، رضامراد، کے کے مینن اورمہیش بھٹ جیسے لوگ اپنی مثال آپ ہیں۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں ان فنکاروں کے نام کے ڈنکے بجتے ہیں۔ ان عظیم فنکاروں کی جانب سے میرے کام کو سراہا جانا میرے لیے کسی بھی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔ میری پہلی فلم کی تشہیری مہم گزشتہ ایک ماہ سے جاری تھی اوراس دوران ہماری فلم کے میوزک کو جو رسپانس ملا اس سے بڑھ کرفلم کورسپانس ملا ہے۔

بھارت اوردوسرے ممالک میں فلم کے پریمیئردیکھنے کے بعد مجھے مبارکباد کے پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے تھے۔ دوسری جانب پاکستان میں میری فیملی، ساتھی فنکار اورقریبی دوستوں نے بھی فلم دیکھی اورمیرے اورعمران ہاشمی کے کام کو بہت سراہا۔ جہاں تک بات پاریش راول، دیپک تجوری اورکے کے مینن جیسے فنکاروں کی ہے تویہ لوگ پہلے ہی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھ سمیت فلم کی پوری ٹیم کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

میں سمجھتی ہوں کہ جب ایک اچھی ٹیم مل کرکسی پراجیکٹ پر محنت کے ساتھ کام کرتی ہے تواس کے نتائج اچھے آتے ہیں۔ اس لیے مجھے امید ہے کہ ہماری فلم کو بھارت اور پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں بہترین رسپانس ملے گا۔

دوسری طرف اس فلم کے ہیرو اداکار عمران ہاشمی ''راجا نٹور لال'' کی کامیابی کے لیے گزشتہ روز فلم کی ریلیز سے قبل اجمیر شریف میں درگاہ حضرت معین الدین چشتی ؒ پہنچ گئے اور فلم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ عمران ہاشمی ایک ہفتہ قبل بھی درگاہ پر حاضر ہوئے تھے اور اس وقت ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد درگاہ پر کامیابی کے لیے دوبارہ حاضر ہوں گے اور گزشتہ روز اپنی فلم کی کامیابی کے یقین کے ساتھ وہ دوبارہ درگاہ پر حاضری دینے پہنچ گئے اور فلم کی کامیابی کے لیے دیر تک دعا کرتے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں