ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ بھارت جانے کیلیے لاہور لائنز کی تیاریاں مکمل

منتظمین نے ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھجوادیے، حفیظ کی زیرقیادت ٹیم کل ہمسایہ ملک روانہ ہوگی


Sports Reporter September 08, 2014
منتظمین نے ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھجوادیے، حفیظ کی زیرقیادت ٹیم کل ہمسایہ ملک روانہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

ٹوئنٹی20چیمپئنز لیگ کیلیے لاہور لائنز نے تیاریاں مکمل کرلیں،کھلاڑیوں کو بھارتی ویزے پیر کو ملنے کا امکان ہے، پاکستان کی ڈومیسٹک چیمپئن سائیڈ منگل کو ہمسایہ ملک روانہ ہوگی۔

کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ کوالیفائنگ رائونڈ تک محدود رہنے کی روایت ختم کرتے ہوئے ٹائٹل کی طرف پیش قدمی جاری رکھیں گے،بارشوں کی وجہ سے بھرپور پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا، تاہم ٹیم کو انٹرنیشنل تجربہ رکھنے والے 6کرکٹرز سمیت باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل ہیں، ہر میچ جیتنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، بھارت میں محبت کا پیغام لے کر جارہے ہیں، میدان کے اندر اور باہر مثالی ڈسپلن اور رویے سے عوام کے دل جیتیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20چیمپئنز لیگ میں شرکت کیلیے لاہور لائنز کو آرگنائزرز کی طرف سے ٹکٹ بھجوائے جاچکے ہیں، بورڈ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے بھارتی ویزے پیر کو ملنے کا امکان ہے، یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسکواڈ کی روانگی منگل کو علی الصبح 4بجے ہوگی،لاہور میں بارشوں کا سلسلہ 3روز تک جاری رہنے کی وجہ سے پاکستان کی ڈومیسٹک چیمپئن ٹیم کے پلیئرز کے مابین پریکٹس میچز کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا۔

اس سے قبل محمد حفیظ، احمد شہزاد،عمر اکمل، وہاب ریاض سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کی وجہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچ محسن کمال کے زیر نگرانی تربیتی کیمپ کو جوائن نہ کرسکے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا، گزشتہ روز اسکواڈ میں شامل تمام پلیئرز یکجا ہوئے اور ان ڈور پریکٹس کی مدد سے صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کوشش جاری رکھی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان محمدحفیظ کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹرز کی سری لنکا میں مصروفیات اور بعد ازاں لاہور میں بارشوں کی وجہ سے ہمیں مل بیٹھ کر حکمت عملی تیار کرنے اور بھرپور تیاری کا موقع نہیں مل سکا، تاہم اس کے باوجود تمام کھلاڑی میگاایونٹ میں اچھی پرفارمنس دکھانے کیلیے بیتاب ہیں، بطور ٹیم 2 سال سے ایک ساتھ کھیلنے والوں کیلیے پرفارم کرنا مشکل نہیں ہوگا۔

سیالکوٹ اسٹالینز اور فیصل آباد وولفز کے کوالیفائنگ رائونڈ سے آگے نہ بڑھنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس بار ایک مضبوط ٹیم مہم پر روانہ ہورہی ہے، دو سال سے ڈومیسٹک چیمپئن اسکواڈ میں شامل 6کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، دیگر بھی انتہائی باصلاحیت اور قومی ٹیم میں شمولیت کے امیدواروں میں شامل ہیں۔

حافظ سعید جیسے پلیئرز اپنی افادیت ثابت کرچکے، انھوں نے مشکل حالات میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کے دو اہم میچز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، ایسا ہی ٹیلنٹ چند اور کرکٹرز میں بھی ہے، ٹوئنٹی 20چیمپئنز لیگ کے مین راؤنڈ تک کوالیفائی کرنا ایک سنگ میل ضرورہے، پوری کوشش ہوگی کہ ہر میچ جیت کر ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھیں۔

ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا انتظامی معاملات کے بارے میں تو پاکستان کرکٹ بورڈ ہی بہتر بتاسکتا ہے لیکن ہمیں ملنے والی اطلاع کے مطابق اسکواڈ کی روانگی منگل کو ہونا ہے۔سیاسی تنائو کے ماحول میں دورے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ محبت کا پیغام لے کر جارہے ہیں،وہاں کے عوام پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتے ہیں یہی رویہ ہمارے شائقین کا بھی ہے، ہمارا مقصد کرکٹ میں بہتر کارکردگی سے ٹائٹل کی امیدیں روشن کرنا اور میدان سے باہر مثالی ڈسپلن اور رویے سے پڑوسی ملک کے عوام کے دل جیتنا ہے،آن اور آف دی فیلڈ مثبت پرفارمنس اور سوچ کا مظاہرہ کرینگے۔

یاد رہے کہ 13ستمبر سے شروع ہونے والے کولیفائنگ مرحلے میں لاہور لائنز کو بھارتی ٹیم ممبئی انڈینز، نیوزی لینڈ کی ناردرن نائٹس اور سری لنکن سدرن ایکسپریس کا سامنا کرنا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم مقامی کلب کیساتھ وارم میچ میں بھی حصہ لے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں