تباہی کی داستانیں رقم کرتے سیلابی ریلوں کا سفر جاری مزید ہزاروں لوگ بے گھر

سیلاب سے چنیوٹ کے 100 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے جبکہ 200 سے زائد دیہات براہ راست خطرے میں ہیں۔


ویب ڈیسک September 08, 2014
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے ، فوٹو: فائل

KARACHI: دریائے چناب، جہلم اور راوی کے سیلابی ریلوں نے آزاد کشمیر اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں تباہی پھیلانے کے بعد حافظ آباد، چنیوٹ، سرگودھا اور ملتان کے مختلف علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ، خانکی اور قادر آباد پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل کمی ہورہی ہے، ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج 2 لاکھ ، مرالہ پر پانی کی آمد 1لاکھ27 ہزار اور اخراج 1 لاکھ24 ہزار کیوسک جبکہ قادر آباد پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ26ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تریموں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جہاں اس وقت پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک ہے تاہم کل یہاں سے 7 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرے گا۔ اس کے علاوہ چنیوٹ برج پر پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 40 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ دریائے راوی میں بلوکی پر پانی کی آمد 1لاکھ5ہزار اور اخراج 92ہزار 600 کیوسک، جسڑ پر پانی کا بہاؤ 30ہزار، شاہدرہ پر 85 ہزار اور راوی سائفن پر 86 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے چناب کا سیلابی ریلہ بالائی پنجاب میں تباہیوں کی داستان رقم کرنے کے بعد تیزی سے جنوبی پنجاب کی جانب بڑھ رہا ہے،حافظ آباد میں سیلابی پانی نے ہزاروں افراد کو بے گھر کردیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے گوجرانوالہ حافظ آباد روڈ کو بند کردیا گیا ہے جبکہ اس جانب جانے اور آنے والے افراد کو متبادل راستوں کے ذریعے اپنا سفر جاری رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ چنیوٹ کی تحصیل چنیوٹ،بھوآنہ اور لالیاں کے 100 سے زائد دیہات کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے جبکہ 200 سے زائد دیہات سیلاب کے براہ راست خطرے کا شکار ہیں۔ حرسا شیخ کے قریب 30 سےزائد دیہات کو ڈوبنےسے بچانے کے لئے حفاظتی بند کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔ جھنگ شہر کو بچانے کے لئے تحصیل اٹھارہ ہزاری کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ ملتان کے علاقے محمد پور بھوٹہ میں دریائے چناب کے کٹاؤ کے کناروں سے پانی باہر آنے سے قریبی باغات متاثر ہوئے ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے ، آئی ایس پی کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن میں سیلاب متاثرین کے لئے 54 ریلیف اور 73 ہیلتھ کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں متاثرین کو کھانے پینے کی اشیا اور طبی امداد دی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں