لیاری میں جوئے اور منشیات فروشی کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا

پولیس سرپرستی میں ڈیڑھ درجن اڈے چل رہے ہیں، ڈی ایس پی کا رشتے دار گھناؤنے کاروبار کے اجازت نامے جاری کرنے لگا


Staff Reporter September 14, 2014
ایک ماہ بعد ریٹائر ہو جاؤں گا، زیادہ سے زیادہ رقم جمع کرکے دی جائے، لیاری ڈویژن کے اعلیٰ افسر کی ماتحت افسران کو ہدایات۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: لیاری میں جوئے اور منشیات فروشی کا کاروباری عروج پر پہنچ گیا، پولیس کی سرپرستی میں ڈیڑھ درجن سے زائد جوئے اور منشیات کے اڈے چل رہے ہیں۔

ایک ڈی ایس پی کا رشتے نہ صرف گھناؤنے کاروبار کے اجازت نامے جاری کر رہا ہے بلکہ پولیس افسران کے نام پر بھتہ بھی اکھٹا کر رہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ چاکیواڑہ تھانے کی حدود سنگو لائن بروہی محلہ میں سلمان بروہی کا جوئے کا اڈا سرعام چل رہا ہے، گشت پر مامور علاقہ پولیس بروہی محلے سے آنکھیں بند کر کے گزر جاتی ہے، چاکیواڑہ تھانے کی حدود ٹینری روڈ پر شبیر اور جلالی کا منشیات اور جوئے کا اڈا صبح 9 بجے کھل جاتا ہے اور رات گئے تک وہاں جواریوں اور منشیات فروشوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔

اسی طرح چاکیواڑہ کے الفلاح روڈ گلی نمبر 9/10 میں شکیل بلوچ کا منشیات اور جوئے کا اڈا جبکہ اسی تھانے کی حدود سعید آباد میں ملا سہیل کا جوئے اور منشیات کا اڈا چل رہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ کلا کوٹ کے علاقے گبول پارک کے قریب ملا نثار کا، کلا کوٹ کے علاقے نوالین مل ایریا میں نعیم لاھوتی کا ،کلا کوٹ افشانی گلی میں فاروق ٹنکی والے کا اور دھوبی گھاٹ کھڈوی لائن میں سرور اور ملا نثار کا جوئے اور منشیات کے اڈے چل رہے ہیں، کلری تھانے کی حدود میں حکیم کا اور کلری کے علاقے شاہ عبد الطیف بھٹائی روڈ آگرہ تاج کالونی غازی اسکول کے سامنے بابو مارواڑی کا جوئے اور منشیات کا اڈا چل رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آگرہ تاج کالونی میں ملکہ منشیات چٹائی والی اماں کا منشیات کا اڈا سرعام چل رہا ہے جبکہ میمن سوسائٹی میں سجاد کھتری کا جوئے کا اڈا سرعام چل رہا ہے،ذرائع نے بتایا مذکورہ تمام جوئے اور منشیات کے اڈوں کی سرپرستی مبینہ طور پر ایس ڈی پی او بغدادی ڈی ایس پی مرتضیٰ میرانی کر رہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ مرتضیٰ میرانی کا بھتیجا شفیع میرانی جو محکمہ پولیس میں بھی نہیں ہے وہ پولیس کانسٹیبل خلیل کے ساتھ مل کر جرائم پیشہ عناصر کو جوئے اور منشیات کے اڈوں کے اجازت نامے جاری کررہا ہے، مذکورہ دونوں افراد لیاری کی تمام دکانوں، پتھاروں، پان کے کیبن، گٹکے کے کارخانوں اور پنکچر کی دکانوں سے مبینہ طور پر بھتے وصول کر رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی جنوبی کے نام پر بھی اڈوں سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کیا جارہا حالانکہ ان کو اس بات کا علم نہیں ہے، ذرائع نے بتایا کہ ایس پی لیاری جو 6 اکتوبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں انھوں نے اپنے ماتحت افسران و اہلکاروں کو احکام دیے ہیں کہ ان کے ریٹائر منٹ سے پہلے جتنے زیادہ ہوسکیں پیسے جمع کر کے انھیں دیے جائیں ، ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اڈوں کے علاوہ چھوٹے چھوٹے درجنوں سٹے، ایرانی پیٹرول اور دیگر جرائم کے گھناؤنے کاروبار لیاری میں کھلے عام چل رہے ہیں جسے کوئی روکنے والا نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں