شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران 15 دہشتگرد ہلاک سیکیورٹی اہلکار شہید

سیکیورٹی فورسز نے غلام خان میں مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ بویہ میں دہشتگردوں سے جھڑپ ہوئی، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک September 20, 2014
آپریشن ضرب عضب کے دوران ایک ہزار سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائیوں اور جھڑپ کے دوران 15 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹروں نے غلام خان کے علاقے گورستائی نالا کے قریب دہشتگردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 12 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے 3 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ فضائی کارروائی میں دہشتگردوں کی بارود سے بھری 4 گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔ اس کے علاقہ بویہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جھڑپ کے دوران پاک فوج کے نائب صوبیدار مزمل بھی شہید ہوگئے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران ایک ہزار ایک سو سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ان کی درجنوں کمین گاہیں اور اسلحے کے ڈپو تباہ کئے جاچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں