پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں 32 برس بعد آسٹریلیا کو وائٹ واش کردیا

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1994 میں جیتی تھی جبکہ 1982 میں وائٹ واش کیا تھا


ویب ڈیسک November 03, 2014
کینگروز کے خلاف ایک ڈبل سنچری اور دو سنچریوں کی بدولت یونس خان مین آف دی سیریز قرار پائے فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے آسٹریلیا کو ابو ظہبی ٹیسٹ میں 356 رنز سے ہرا کر 1982 کے بعد پہلی مرتبہ وائٹ واش کردیا۔

ابو ظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے 143 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔ مچل مارش اور اسٹیو اسمتھ نے 5ویں وکٹ کی شراکت میں 107 رنز کا اضافہ کیا۔ 208 رنز کے مجموعی اسکور پر مچل مارش 47 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے ۔ اس موقع پر اسٹیو اسمتھ نے پاکستانی بولنگ لائن کے سامنے بھرپور مزاحمت کی کوشش کی لیکن 238 کے مجموعے پر وہ بھی 97 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، جس کے فوری بعد بریڈ ہیڈن بھی 13 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بریڈ ہیڈن کے بعد مچل جانسن کو یاسر شاہ نے ٹھکانے لگایا وہ اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی میدان بدر ہوئے۔ جس کے بعد مچل اسٹارک کو بھی یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔ 246 رنز کے مجموعی اسکور پر ناتھن لیون کی صورت میں آسٹریلیا کا آخری بلے باز بھی آؤٹ ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ کامیاب بالر ذوالفقار بابر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، اس کے علاوہ یاسر شاہ نے 3 جبکہ محمد حفیظ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کینگروز کے خلاف ایک ڈبل سنچری اور دو سنچریوں کی بدولت 468 رنز بنانے والے یونس خان مین آف دی سیریز جبکہ دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے پر مصباح الحق مین آف دی میچ قرار پائے۔

واضح رہے کہ ابو ظہبی ٹیسٹ میں فتح کے بعد پاکستان نے 20 برس بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی جبکہ 32 برس بعد کینگروز کو وائٹ واش کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں