ویوین رچرڈز کے عالمی ریکارڈ کی برابری پر مصباح مسرور

میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے کہ میرا نام ویوین رچرڈز کے ساتھ لیا جائیگا، مصباح الحق


Sports Desk November 03, 2014
اس طرح کے ریکارڈز آپ کو بہت بڑی خوشی فراہم کرتے ہیں، مصباح الحق۔ فوٹو: اے ایف پی

ابوظبی ٹیسٹ میں چوتھے دن آسٹریلوی بولرز مصباح کے زیرعتاب رہے، پاکستانی کپتان نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلتے ہوئے نہ صرف ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی بلکہ راہ میں آنے والے کئی ریکارڈز بھی پاش پاش کردیے۔

میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ میں سابق ویسٹ انڈین بیٹسمین سر ویوین رچرڈز کے عالمی ریکارڈ کی برابری پر خود کو انتہائی خوش قسمت کرکٹر محسوس کررہا ہوں، انھوں نے بھی تھری فیگر اننگز کا کارنامہ 56 گیندوں پر انجام دے رکھا ہے، مصباح الحق نے کہاکہ یہ میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے کہ میرا نام ویوین رچرڈز کے ساتھ لیا جائیگا حالانکہ میں خود کو ان کے قریب نہیں سمجھتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب میں نے اسی اننگز کے دوران 21 گیندوں پر تیزترین ففٹی کا ریکارڈ توڑا تو وہ اسٹیڈیم میں نصب اسکرین پر ظاہر ہوگیا تھا لیکن تیزترین سنچری کا ریکارڈ برابر کرنے کا مجھے کوئی اندازہ نہیں تھا، تاہم جب میں 80رنز پر پہنچا تو مجھے ڈریسنگ روم سے پیغام بھیجاگیا کہ میرے پاس ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑنے کیلیے 10 گیندیں باقی ہیں۔

مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے ریکارڈز آپ کو بہت بڑی خوشی فراہم کرتے ہیں، انھوں نے کہاکہ جب میں بیٹنگ کے لیے آیا تھا تو میرے ذہن میں صرف یہی بات تھی کہ کم سے کم وقت میں ٹیم زیادہ سے زیادہ اسکور کرے، اس کے علاوہ میں اظہرعلی کو میچ کی دوسری اننگز میں بھی سنچری کرنے میں مدد دینا چاہتا تھا اور خود بھی تیز کھیلنا چاہتا تھا تاکہ آسٹریلیا کو مکمل دبائو میں لایا جاسکے، اسی کوشش میں میری سنچری بھی بن گئی۔

مصباح الحق اس عالمی ریکارڈ اور اس اننگز کو اپنے لیے بہت اہم سمجھتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس سیریز سے قبل جو صورتحال رہی اور ورلڈ کپ بھی آرہا ہے اس تناظر میں ان کا فارم میں آنا اور بڑا اسکور کرنا بہت معنی رکھتا ہے، انھوں نے اپنی اس اننگز کو اپنی سب سے کم دباؤ والی اننگز بھی گردانا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں