نوازشریف اور آصف زرداری نے 30 نومبرجلسے کیخلاف لندن میں پلان بنایا ہے عمران خان

نوازشریف اور آصف زرداری کی پہلے نورا کشتی چلتی تھی اور دونوں ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگاتےرہے،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک November 18, 2014
ملک میں طاقتور اور کمزور دونوں کے لئے الگ الگ قانون بنے ہوئے ہیں, عمران خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری 30 نومبر کے جلسے سے خوفزدہ ہیں اور لندن میں ملاقات کر کے اس کے خلاف پلان بنا کر آئیں ہیں۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پر حملہ حکومت نے خود کرایا ہے اور اشتہاری مجھے قرار دے دیا ہے جب کہ ہمارا پی ٹی وی پر حملہ سے کوئی تعلق نہیں ، مجھ پر جھوٹا مقدمہ درج کر کے اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے بیان حلفی دیا کہ نواز شریف کے لئے منی لانڈرنگ کی ہے لیکن اب یہ کہتے ہیں کہ ایساانہوں نے دباؤ میں آکر کیا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں طاقتور اور کمزور دونوں کے لئے الگ الگ قانون بنے ہوئے ہیں،پاکستان کے نظام میں طاقت ور مجرم کو کوئی نہیں پکڑ سکتا جب تک ہم ظالموں کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا نوازشریف اور آصف زرداری کی پہلے نورا کشتی چلتی تھی اور دونوں ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگاتےرہے لیکن آج دونوں خاموش ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف 30 نومبر کے جلسے سے خوف زدہ ہیں اور اس کے لئے فکر مند ہیں اسی لیے دونوں نے لندن میں ملاقات کی اور 30 نومبر کے جلسے کے خلاف پلان بنایا ہے۔

چیر مین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ زیادتی کررہی ہے اور آئی ڈی پیز کا سارا بوجھ صوبے پر ڈال دیا گیا ہے اس لئے ہم اس سلسلے میں سپریم کورٹ سے رابطہ کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں