پاکستان کے پاس جدید ترین دفاعی نظام موجود ہے وزیر اعظم نواز شریف

پاکستان کے پاس جدید ترین دفاعی نظام موجود ہے، وزیر اعظم


ویب ڈیسک December 01, 2014
پاکستانی دفاعی مصنوعات کا معیار دنیا کے بڑے ملکوں کے برابر ہے، وزیر اعظم فوٹو: ایکسپریس نیوز

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی بھی آزاد ریاست کی اولین ترجیح اپنی خودمختاری ہوتی ہے اور پاکستان کے پاس جدید ترین دفاعی نظام موجود ہے۔

کراچی میں دفاعی ساز و سامان سے متعلق 8ویں بین الاقوامی نمائش ''آئیڈیاز 2014 '' کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی آزاد ریاست کی اولین ترجیح اپنی خودمختاری ہوتی ہے۔ ہر ریاست کو اپنی سلامتی اور بقا کے لئے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہر دم تیار رہنا ہوتا ہے۔ اپنے جغریافیائی محل و وقوع کی بدولت پاکستان کو اپنی خودمختاری کے لئے بیشتر ممالک سے زائد چیلنجز کا سامنا ہے۔ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد صورت حال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان سے ہی ہماری دفاعی صنعت مسلسل ترقی کررہی ہے، محدود وسائل کے باوجود ہمارے ماہرین نے اس میدان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، یہ نمائش خطے میں سب سے بڑی دفاعی نمائش بن گئی ہے جس میں مختلف ممالک کی 2 ہزار سے زائد دفاعی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔ اس نمائش میں پاکستان کی دفاعی مصنوعات دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی، آج پاکستان بجا طور پر جدید ترین دفاعی صلاحیت کا حامل ملک ہونے کا دعوی کرسکتا ہے کیونکہ ہمارے پاس جدید ترین دفاعی نظام موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج قبائلی علاقوں میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے، پاکستان سے دہشت گردی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ کریں گے۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی دفاعی مصنوعات کا معیار دنیا کے بڑے ملکوں کے برابر ہے۔ ہماری مصنوعات دیکھ بیرون ملک سے آئے ہوئے وفود کی آنکھیں کھل گئیں ہیں۔ اس لئے دفاعی سامان کی برآمد پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں