لاہور میں این اے 122 میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی اور ان کی تصدیق کا حکم

نادرا سے ووٹوں کی تصدیق کے بعد 15 روز میں رپورٹ پیش کی جائے، الیکشن ٹریبونل کا حکم


ویب ڈیسک December 08, 2014
این اے 122 پر قومی اسمبلی کے موجودہ اسپیکر سردار ایاز صادق۔ کامیاب ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی اور ان کی تصدیق کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور میں الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم علی ملک نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 پر عمران خان کی عذرداری کی سماعت کے دوران اپنے مختصر فیصلے میں ریٹائرڈ جج غلام حسین اعوان کی سربراہی میں کمیشن قائم کرتے ہوئے این اے 122 اور اسی حلقے سے متعلقہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 میں ڈالے گئے ووٹوں کے تھیلے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ کمیشن نادرا سے ووٹوں کی تصدیق کے بعد 15 روز میں رپورٹ پیش کرے۔

واضح رہے کہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 پر قومی اسمبلی کے موجودہ اسپیکر سردار ایاز صادق اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان مدمقابل تھے۔ عمران خان نے اس حلقے میں شکست کے بعد انتخابی عذرداری کی درخواست جمع کرائی تھی۔ ان کا موقف ہے کہ اس حلقے پر انہیں شکست دینے کے لئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق نے وسیع پیمانے پر دھاندلی کی اور ہزاروں جعلی ووٹ ڈالے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں