آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان کی ٹیم 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 44ویں اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک December 19, 2014
حارث سہیل اور احمد شہزاد کے علاوہ قومی ٹیم کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور دونوں بالترتیب 65 اور 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی۔


ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 20 رنز کے مجموعی اسکور پر گری اور مارٹن گپٹل 8 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ڈین براؤن لائی کا ساتھ دینے کے لئے کپتان کین ولیمسن کریز پر اور دونوں کے درمیان 66 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم پھر براؤن لائی 34 رنز بنانے کے بعد زوالفقار بابر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، براؤن لائی کے آؤٹ ہونے کے بعد روس ٹیلر نے کین ولیمسن کا بھرپور ساتھ دیا اور 116 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، کین ولیمسن شاندار بلے بازی کے بعد 97 رنز بنا کر کپتان شاہد آفریدی کا شکار ہوئے۔


ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی روس ٹیلر کی عمدہ بیٹنگ جاری رہی اور وہ 88 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، لوک رونکی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹام لیتھم 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 جبکہ ذوالفقار بابر اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی ٹیم 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 44ویں اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی، قومی ٹیم کے بلے باز ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور حارث سہیل اور احمد شہزاد کے علاوہ کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ رک سکا اور دونوں بالترتیب 65 اور 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں یونس خان 12، اسد شفیق 7، عمر اکمل 6، سرفراز احمد 26، شاہد آفریدی 13، انور علی 18 اور ذوالفقار بابر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیتھن میک کولم نے 2، ایڈم ملن، مچل میک کلینگھن اور اینٹن ڈیوسچ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا جبکہ کین ولیمسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |