ریٹائرڈ ٹیکس افسران کو الاٹ پلاٹوں پر ٹیکس وصولی کا ریکارڈ طلب

وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر ایف بی آر نے تمام فیلڈ یونٹس کو ہدایات جاری کردیں


Irshad Ansari December 23, 2014
ملازمین کی تربیت کا جامع پلان اور تقرریوں کیلیے ایس او پیز متعارف کرائے جائیں گے، دستاویز۔ فوٹو: فائل

QUETTA: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فیلڈ فارمشنز سے ریٹائرڈ سرکاری افسران کو الاٹ ہونے والے پلاٹوں پر عائد ٹیکس وصولی کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کی طرف سے دی جانے والی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام فیلڈ یونٹس کو سرکاری افسران کو ریٹائرمنٹ پر الاٹ ہونے والے پلاٹوں پرعائد ٹیکسوں اور ان کی وصولی کے بارے میں واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس کے علاوہ ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارش پر ایف بی آر کی تمام سطح کے ملازمین کی تربیت کے لیے جامع پلان متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ افسران کی کارکردگی کی بنیاد پر تقرریوں و تبادلوں کے لیے بھی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) متعارف کرائے جائیں گے۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ بے حس اور غیرفعال ملازمین کو فیلڈ میں عہدوں پر اس وقت تک تعینات نہ کیا جائے جب تک یہ ملازمین و افسران ٹاسک سے نمٹنے کے لیے مناسب مہارت نہ حاصل کرلیں، اس کے علاوہ ایف بی آر کے امور کو معیاری بنایا جائے اور ایف بی آر کی فیلڈ یونٹس کے ساتھ روابط و کوارڈینیشن کو بھی مضبوط و موثر بنایا جائے۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر سے متعلقہ معاملات کے بارے میں موصول ہونے والی شکایت کو نمٹاتے ہوئے اپنی سفارشات دی ہیں جس میں ایف بی آر سے کہا گیا کہ ان سفارشات پر عمل درآمد کریں اور وفاقی ٹیکس محتسب کی انہی سفارشات پر عملدرآمد کیلیے ایف بی آر نے یہ اقدامات اٹھائے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں