وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے آرمی پبلک اسکول کے زخمی طلبا کا از سرنو طبی معائنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا نے سانحہ پشاور میں زخمی ہونے والے طلبا کے والدین کے مطالبے پر زخمیوں کا علاج کراچی کے آغا خان اسپتال سے کرانے کا حکم دیا ہے جب کہ اس حوالے سے وزیراعلی نے بچوں کے از سرنو معائنے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلی پرویز خٹک نے اعلان کیا ہے کہ تمام بچوں کے علاج پر آنے والے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں بچوں اور اسکول عملے سمیت 145 افراد شہید اور درجنوں بچے زخمی ہوگئے تھے۔