ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کو رن ریٹ بہتر رکھنے کا چیلنج

کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرنے کیلیے پاکستان کو بھارت یا ویسٹ انڈیزمیں سے کسی ایک کو لازمی شکست دینا ہوگی


Sports Desk February 09, 2015
پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ناقابل اعتبار ٹیم قرار دیا جاتا ہے، فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI: ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کیلیے رن ریٹ کو بہتر رکھنا سب سے بڑا چیلنج ہوگا، بھارت یا ویسٹ انڈیزمیں سے کسی ایک کو شکست نہیں دی تو سفر دشوار ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ناقابل اعتبار ٹیم قرار دیا جاتا ہے، کبھی یہ چیمپئن بنتی ہے تو کبھی پہلے ہی رائونڈ سے باہر ہوجاتی ہے۔ اس بار بھی یہ فٹنس اور دیگر ایشوز سے دوچار ہے تاہم پھربھی دنیا کو حیران کرنے کا جذبہ پوری طرح برقرار ہے۔ میگا ایونٹ میں بہتر رن ریٹ کی بھی اشد ضرورت ہوتی جبکہ اس معاملے میں گرین شرٹس کا ریکارڈ کافی مایوس کن ہے۔

ٹاپ 10 ٹیموں کے دوران گیارہویں سے 40 ویں اوور تک ڈاٹ بالز کھیلنے میں سب سے برا ریکارڈ ان کا ہی ہے۔ کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرنے کیلیے پاکستان کو اپنے ابتدائی دو میچز میں بھارت یا پھر ویسٹ انڈیز میں سے کسی ایک پر فتح یقینی حاصل کرنا ہوگی بصورت دیگر اس کی اگلے رائونڈ میں رسائی کا دارومدار پول میں آئرلینڈ کے خلاف اپنے آخری میچ پر ہوگا اورآئرش وہ سائیڈ ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو ورلڈ کپ 2007 کے ابتدائی رائونڈ سے ہی باہر ہونا پڑا تھا۔

چیف سلیکٹر اور سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ مسائل کے باوجود اس ٹیم میں کارنرڈ ٹائیگرز کی اسپرٹ موجود ہے اگر وہ اپنی پوری توانائیوں سے کھیلے تو دنیا کو حیران کرسکتے ہیں۔ کوچ وقار یونس کودراز قد فاسٹ بولر عرفان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہے، ان کا کہنا ہے کہ عرفان میگا ایونٹ میں دوسری ٹیموں کیلیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں