لاہور:
گدھے کا گوشت کھانے کا تصور ہی قابل نفرت محسوس ہوتا ہے لیکن چینی اپنے نئے سال کی خوشی میں اپنے سامنے گدھوں کو انتہائی ظالمانہ انداز میں ہلاک کروا کے ان کا تازہ گوشت ڈھیروں ڈھیر خرید رہے ہیں۔
چین میں گدھے کے گوشت کو خاص سوغات سمجھا جاتا ہے اور لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ تازہ گوشت عزیزوں اور دوستوں کے لیے تحفے کے طور پر لے کر جائیں۔ گاہکوں کی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے قصائی ان کے سامنے گدھے کو ہلاک کرتے ہیں۔ حال ہی میں چینی صوبہ ہوبے کے شہر باؤڈنگ میں گدھے کے تازہ گوشت کی تیاری کے مناظر سامنے آئے ہیں جنھیں دیکھ کر دنیا میں خوف اور اشتعال کی لہر دوڑ گئی ہے۔
گدھے کی ٹانگیں باندھ کر اسے لٹا دیا جاتا ہے اور ایک شخص اس کے سر سے بندھی رسی کو کھینچ کر رکھتا ہے جب کہ دوسرا ایک بڑے ہتھوڑے کے ساتھ بدنصیب جانور کے سر پر وار کرنا شروع کر دیتا ہے اور پھر اس کی گردن کاٹ کر خون ایک پلاسٹک کے ڈبہ میں جمع کر لیتے ہیں۔ اس کے بعد گاہک کے سامنے گدھے کا تازہ گوشت تیار کیا جاتا ہے۔ یہ گوشت عام حالات میں تو بہت مہنگا بکتا ہے مگر نئے سال کے موقع پر ہزاروں لاکھوں گدھوں کا بندوبست کیا جاتا ہے اور ان کا تازہ گوشت تقریباً ایک ہزار روپے فی کلو میں بیچا جاتا ہے۔