شعیب اختر نے بھارت جاکر قومی کھلاڑیوں کا تمسخر اڑا ڈالا

شعیب اختر کے ساتھ ساتھ ہربجن سنگھ اور پروگرام کے میزبان نے بھی کھلاڑیوں کا مذاق اڑانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔


ویب ڈیسک March 03, 2015
ہمارے ایک چیئرمین صاحب کا گٹھنا تو خراب تھا ہی لیکن بعد میں دماغ بھی غائب ہوگیا، شعیب اختر فوٹو؛ کلرٹی وی

پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے بھارتی پروگرام میں قومی کھلاڑیوں سمیت کرکٹ بورڈ کا کا تمسخر اڑا ڈالا۔

بھارت کے معروف کامیڈی شو "کامیڈی نائٹ ود کپل" میں سابق فاسٹ بالر شعیب اختر جہاں قومی کھلاڑیوں کا تمسخر اڑاتے رہے وہیں انہوں نے کرکٹ بورڈ کے موجودہ اور سابق چیئرمین کو بھی نہ بخشا۔ پروگرام کے دوران شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو 41 سال سے کم عمر کا آج تک کوئی کپتان نہیں ملا، مصباح الحق کی عمر 41 سال جب کہ شاہد آفریدی ابھی تک صرف 32 سال کے ہیں، جب اپنا ہی سکہ کھوٹہ ہوتو دوسرے کو کیا رونا اس موقع پر ہربجن سنگھ اور پروگرام کے میزبان کپل شرما نے بھی آفریدی کا مذاق اڑانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ جس عمر میں کھلاڑی ریٹائر ہوتے ہیں ہمارے ہاں اس عمر میں کپتان بن جاتے ہیں اور ہمارا بورڈ کا چیئرمین بھی اس عمر میں بنتا ہے جس عمر میں انسان کو نظر ہی نہیں آتا جب کہ مصباح، یونس اور آفریدی کی عمریں ملا لی جائیں تو پاکستانی ٹیم 150 سال اور چیئرمین سمیت کل عمر 250 سال بن جاتی ہے۔ پی سی بی کے ایک سابق چیئرمین کا ذکر کرتے ہوئے شعیب اختر نہ صرف زبان کنٹرول کرنا بھول گئے بلکہ اپنے جسم پر بھی قابو نہ رکھ سکے اور اسٹیج پر کھڑے ہو کر ان کے چلنے کی نقل اتارنے لگے۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ان چیئرمین صاحب کا گٹھنا تو خراب تھا ہی لیکن بعد میں دماغ بھی غائب ہوگیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں