پاکستانی فلموں میں کام کی پیشکش ضرور قبول کرونگی دیویا دتہ

آج بھی ہم لوگ جب گھر پراکھٹے ہوتے ہیں تو پھر لاہورکی خوبصورتی، کلچراور کھانوں کاتذکرہ چھڑجاتا ہے، دیویا دتہ


Qaiser Iftikhar March 26, 2015
اگر کوئی اچھا کردار آفر کیا جائے تو اولین ترجیح ہو گی کہ اس فلم کو سائن کروں، دیویا دتہ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیویا دتہ نے کہا کہ پاکستان میں گزرے لمحات توکبھی نہیں بھلاسکتی لیکن جب بھی یہاں کام یا سیرکرنے کا موقع ملے تومیں اس کوکبھی مس نہیں کروں گی۔

واہگہ بارڈرپر پہنچتے ہی جس طرح سے زندہ دل لاہوریوں نے استقبال کیا اور پھرمیری پرفارمنس پر جو رسپانس ملا اس کا اندازہ نہ تھا۔ ایسے مقامات پر تو بار بار آنے کودل چاہتا ہے۔ بالی ووڈ میں کریکٹر ایکٹر کا کام جاری ہے اور آنے والے دنوں میں بہت سے اچھے کردار کرتی بڑی اسکرین پر دکھائی دوں گی۔ پاکستانی فلموں میں کام کی کوئی بھی اچھی پیشکش ہوئی توضرورکام کروں گی۔ ان خیالات کا اظہاردیویا دتہ نے گزشتہ روز ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ میں اسٹیج ڈرامہ کرنے کے لیے لاہور آئی تھی اوراس کواب کافی وقت گزر گیا ہے لیکن آج بھی ہم لوگ جب گھر پراکھٹے ہوتے ہیں تو پھر لاہورکی خوبصورتی، کلچر، کھانوں کاتذکرہ چھڑجاتا ہے۔ ڈرامے میں میری پرفارمنس کا توجورسپانس ملا وہ مجھے کبھی نہیں بھولے گا لیکن وہاں پرملنے والے عام لوگوں نے جس طرح سے میزبانی کی، اس کے بارے میں صرف سن رکھا تھا لیکن یہ سب کچھ دیکھ کر میں حیران رہ گئی۔ انھوں نے بتایاکہ حال ہی میں ان کی ایک فلم ''بدلہ پور'' ریلیز ہوئی ہے۔

جس میں ایک جاندار کردار نبھایا تھا۔ اس فلم کو دنیا کے بیشترممالک کی طرح پاکستان میں بھی نمائش کے لیے پیش کیاگیا تھا اور اس کے بعد مجھے پسندیدگی کے حوالے سے کافی لوگوں نے فون پراپنی رائے کا اظہاربھی کیا۔

اس لیے میں پاکستان میں اپنے چاہنے والوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ آنے والے چند ماہ میں مزید اچھے کرداروں کے ساتھ بڑی اسکرین پر دکھائی دوں گی۔ جہاں تک بات پاکستان اور یہاں پر بننے والی فلموں کی ہے تو مجھے ہمیشہ چیلنجنگ کردار کرنا پسند ہیں، مجھے اگر کوئی اچھا کردار آفر کیا جائے تو میری اولین ترجیح ہو گی کہ میں اس فلم کو سائن کروں۔ میں ایک پروفیشنل اداکارہ ہوں اور کردار کی ڈیمانڈ کو سمجھتے ہوئے کام کرتی ہوں۔

یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنے فنی سفر کے دوران بہت سے انوکھے کردار نبھائے ہیں۔ میری ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ میں ان کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھروں۔ یہ آسان بھی نہیں ہے لیکن جو بھی کام محنت اور لگن سے کیا جائے، اس کے مثبت نتائج ہی سامنے آتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں