’’نئی بیساکھیاں‘‘ بھی قدموں پر کھڑا نہ کرسکیں ملکی کرکٹ دم توڑ گئی

سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کیا


ویب ڈیسک April 22, 2015
بنگلا دیش نے 251 رنز کا ہدف 40 ویں اوور میں باآسانی پورا کرلیا، فوٹو: اے ایف پی

بنگلا دیش نے پہلی بار گرین شرٹس کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کر دی ہے۔

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang4/Pak-vs-bang4.webp

بنگلا دیش کے ہاتھوں عبرتناک ناکامیوں پر پاکستانی شائقین صدمے سے دنگ رہ گئے، اظہرعلی کو کپتان بنانے اور بعض سینئرز کو ڈراپ کرنے سمیت پی سی بی کے عجیب و غریب فیصلے ٹیم کو لے ڈوبے۔ ''نئی بیساکھیاں'' بھی قدموں پرکھڑا نہ کرسکیں اور ملکی کرکٹ دم توڑ گئی۔

https://img.express.pk/media/images/q13/q13.webp

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang5/Pak-vs-bang5.webp

تیسرے میچ میں میزبان نے باآسانی8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، مین آف دی میچ اوپنر سومیا سرکار کے ناقابل شکست 127رنز نے40 ویں اوور میں ہی 251کے ہدف تک رسائی دلا دی، ابتدائی دونوں میچز کے سنچری میکر تمیم اقبال نے اس بار64 رنز بنائے، مشفیق الرحیم نے49 کی اننگز کھیلی، مہمان فیلڈرز نے 3کیچزڈراپ کرکے اپنی مشکلات میں خود اضافہ کیا۔

https://img.express.pk/media/images/q52/q52.webp

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang/Pak-vs-bang.webp

قبل ازیں گرین شرٹس عمدہ آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکے، سنچری میکر کپتان اظہر علی نے ڈیبیوٹنٹ سمیع اسلم (45)اور حارث سہیل (52)کے ہمراہ بڑے اسکور کی بنیاد رکھی، مگر2وکٹ پر 202رنز بنانے والی ٹیم نے صرف 47رنز کے سفر میں بقیہ 8 وکٹیں گنوا دیں، سعد نسیم (22) کے سوا کسی کو ڈبل فیگر میں داخل ہونا بھی نصیب نہ ہوا، مشرفی مرتضیٰ، روبیل حسین، عرفات سنی اور شکیب 2، 2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang14/Pak-vs-bang14.webp

شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش نے ابتدا میں تھوڑی احتیاط برتی، بولنگ ایکشن کی کلیئرنس پانے والے محمد حفیظ نے بہتر آغاز بھی کیا،دوسرے اینڈ سے عمرگل نے گیند سنبھالی،ٹائیگرز نے آہستہ آہستہ ہاتھ کھولنے کے بعد بولرز کی درگت بنانا شروع کردی،اس دوران حریف پر کاری ضرب لگانے کے مواقع فیلڈرز نے گنوا دیے۔

وکٹ کیپر رضوان احمد نے محمد حفیظ کی گیند پر کیچ ڈراپ کرکے 48پر موجود سومیا سرکار کی اننگز مزید طویل کردی، شارٹ لیگ پر سمیع اسلم نے تمیم اقبال کا کیچ41رنز پر گرایا، میزبان ٹیم کے 100رنز 22 ویں اوور میں مکمل ہوئے، جنید خان کا تمیم اقبال کو57پر ایل بی ڈبلیو قرار دلانے کیلیے ریویو ناکام رہا، البتہ انھوں نے صرف7رنز کے اضافے سے ان کو اسی انداز میں جکڑ لیا، اس بار بنگلہ دیش نے تھرڈ امپائر سے رجوع کرکے ناکامی اٹھائی،دوسری وکٹ کیلیے پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا، جنید خان نے محموداللہ (4) کو بولڈ کیا۔

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang2/Pak-vs-bang2.webp

سومیا سرکار نے اظہر علی کو شاندار چھکا جڑ کے سنچری شاہانہ انداز میں مکمل کرلی، اس کے بعد بنگلا دیش نے35ویں اوور میں200کا سنگ میل عبور کیا،عمرگل کی گیند پر سومیا نے باؤنڈری کی جانب کیچ اچھالا لیکن جنید خان نے ڈراپ کردیا، چوکوں، چھکوں کی برسات میں میزبان ٹیم نے ہدف حاصل کرنے میں زیادہ وقت ضائع نہیں کیا اور10.3اوورز قبل ہی 8وکٹ سے فتح کیساتھ کلین سوئپ کا مشن مکمل کرلیا۔

سومیا سرکار صرف 110 گیندوں پر 127رنز بناکر ناقابل شکست رہے، اس میں 6 چھکے اور 13چوکے شامل رہے،مشفیق الرحیم 49پر ناٹ آؤٹ رہے، جنید خان نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

https://img.express.pk/media/images/q41/q41.webp

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang15/Pak-vs-bang15.webp

قبل ازیں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کپتان اظہر علی اور سمیع اسلم نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے91کی قیمتی شراکت بنائی، کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے نوجوان بیٹسمین پُر اعتماد 45 رنز بنانے کے بعد ناصر حسین کی ایک تیزی سے اندر آتی آف بریک گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے، وکٹ کیپر مشفیق نے عمدہ کیچ تھاما۔

https://img.express.pk/media/images/q33/q33.webp

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang12/Pak-vs-bang12.webp

آؤٹ آف فارم حفیظ ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عرفات کی ایک گھومتی گیند نے بیلز کو بکھیردیا، اظہر علی نے حارث کے ہمراہ 98 رنز کی شراکت سے اسکور 39 ویں اوور میں 202 تک پہنچایا،وہ سنچری مکمل کرنے کے بعد صرف ایک رن کا ہی اضافہ کرپائے تھے کہ شکیب الحسن کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang0/Pak-vs-bang0.webp

کپتان کی رخصتی کے ساتھ ہی اچھی بنیاد کے باوجود بیٹنگ کی ٹیڑھی عمارت ڈولنا شروع ہوگئی،ایک کے بعد ایک بیٹسمین پویلین لوٹتا رہا، حارث سہیل( 53 ) نے مشرفی مرتضیٰ کی ایک باہر جاتی گیند کو مخالف سمت میں کھیلنے کی کوشش میں مشفیق کو کیچ تھامنے کا موقع فراہم کیا۔

محمد رضوان نے صرف 4رنز بنائے تھے کہ بولر شکیب الحسن کی جانب گیند اچھال کر چلتے بنے، فواد عالم کی فارم بھی بحال نہ ہوسکی، انھوں نے مشرفی مرتضٰی کو اونچا اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں ناصر حسین کو زحمت دیتے ہوئے4 پر اننگز کا اختتام کیا۔

https://img.express.pk/media/images/Pak-vs-bang8/Pak-vs-bang8.webp

وہاب ریاض (7 )نے بھی جلد ہی اپنے انجام کو آواز دیدی،روبیل حسین نے انھیں میدان بدر کرنے کیلیے مشرفی مرتضیٰ سے مدد لی، عمرگل بغیر کھاتہ کھولے ہی رن آؤٹ ہوئے تو سعد نسیم(22) کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی، روبیل حسین نے ان پر تسکین احمد کی معاونت سے قابو پایا، عرفات سنی نے جنید خان (4) کی اسٹمپس بکھیر دیں، ایک وقت میں300سے زائد کا ہدف دینے کی پوزیشن میں نظر آنے والی پاکستانی ٹیم 250 تک محدود رہی،آخری8 بیٹسمین 47رنز کا اضافہ کرپائے، مشرفی ، روبیل ، عرفات سنی اور شکیب 2، 2 جبکہ ناصر ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔



s

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں