ٹیسٹ سیریز یاسر نے 24 وکٹیں لے کر میلا لوٹ لیا

ذوالفقار6شکار کرنے میں کامیاب،بیٹنگ میں یونس نے سب سے زیادہ267رنزبنائے


Sports Desk July 08, 2015
ذوالفقار6شکار کرنے میں کامیاب،بیٹنگ میں یونس نے سب سے زیادہ267رنزبنائے ۔ فوٹو :اے ایف پی

سری لنکا سے تین میچزکی ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی لیگ اسپنر یاسرشاہ نے 24 وکٹیں لے کر میلہ لوٹ لیا۔

یاسر شاہ نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں مجموعی طور پر 176.3 اوورز کیے جس میں سے28 میڈنز رہے،یاسر نے464 رنزکے بدلے 24وکٹیں لے کر سیریز کے بہترین پلیئر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا،ان کی بہترین کاوش اننگز میں 76رنز کے عوض7 شکار اور میچ میں155رنزکے بدلے9 وکٹیں رہیں۔ یہ پرفارمنس انھوں نے سیریز کے پہلے گال ٹیسٹ میں پیش کی جس کی بدولت پاکستان نے مقابلہ 10 وکٹ سے اپنے نام کرلیا تھا۔

ذوالفقار بابر6وکٹیں لے کرسیریزکے دوسرے کامیاب پاکستانی بولر بنے، فاسٹ بولرز عمران خان، وہاب ریاض اور راحت علی نے5،5 شکار کیے، محمد حفیظ 3 وکٹیں اپنے نام کرپائے، انھوں نے سیریز کے 2 ابتدائی میچز میں حصہ لیا جبکہ مشکوک بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینے کیلیے بھارت جانے کی وجہ سے تیسرے میچ میں شامل نہیں ہوسکے۔

پالے کیلی میں171 کی ناقابل شکست فتح گر اننگز کھیلنے والے یونس خان نے بیٹنگ میں دیگر ہموطنوں کو پیچھے چھوڑدیا، انھوں نے 5 اننگز میں مجموعی طور پر267 رنزجوڑے،ان کی اوسط 66.75 رہی، اظہرعلی 208رنز بناکر دوسرے نمبر پر رہے، ان کی بہترین انفرادی کاوش 117 رنز رہی، اسد شفیق 4 اننگزمیں موقع ملنے پر175رنز اپنے نام جوڑنے میں کامیاب ہوئے، احمد شہزاد نے143رنز بنائے، پالے کیلی میں اولین موقع ملنے پر شان مسعود نے 138رنز بناکر ٹاپ اسکورر کی فہرست میں بھی جگہ بنالی، کپتان مصباح الحق سیریز میں بجھے بجھے رہے مگر آخری اننگز میں ناقابل شکست نصف سنچری بنا کر مجموعے کو114 تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں