بینکوں کو ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی نہ کرنے کاحکم

کمرشل بینک عیدالفطر کے موقع پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی یقینی بنائیں،اسٹیٹ بینک


Business Reporter July 11, 2015
کمرشل بینک عیدالفطر کے موقع پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی یقینی بنائیں،اسٹیٹ بینک فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام کمرشل بینکوں کو ٹیکس فائل کرنے والوں سے ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام کمرشل بینکوں کو عید الفطر کے موقع پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی اور اے ٹی ایم میں کیش کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حالیہ ٹیکس ترامیم کے پس منظر میں اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو یہ بات یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ ایسے افراد سے ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی نہ کی جائے جو اس ٹیکس کے دائرہ کار میں نہیں آتے، ایسے صارفین یعنی ٹیکس فائل کرنے والوں سے رقم وصول کی گئی ہے تو منہا شدہ رقم ان کو لوٹانے کے لیے بینکوں کو انتظامات کرنے چاہئیں، بینکوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ صارفین کو ودہولڈنگ ٹیکس کے گوشوارے فراہم کریں۔ اسٹیٹ بینک کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ عیدالفطر کے موقع پر عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی کے 16فیلڈ آفسز نے عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کی تقسیم شروع کر دی ہے۔

اس کے علاوہ ایس بی پی بی ایس سی نے کمرشل بینکوں کو 141 ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ بھی فراہم کر دیے ہیں تاکہ انہیں عوام کو مہیا کر دیا جائے، عوام کو ایس ایم ایس کے ذریعے نئے طریقہ کار کے تحت اور ایس بی پی بی ایس سی کے کاؤنٹر سے جو نئے کرنسی نوٹ فراہم کیے جا رہے ہیں وہ ان کے علاوہ ہیں۔ بینکوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے کاؤنٹرز پر نئے کرنسی نوٹوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔کمرشل بینکوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسٹیٹ بینک کی ان رہنما ہدایات پر پوری طرح عملدرآمد کریںجو اے ٹی ایم آپریشنز چلانے کے بارے میں ہیں تاکہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم سروسز کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

بینکوں پر زور دیا گیا کہ وہ اے ٹی ایم سروسز کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنانے کے لیے مناسب متبادل انتظامات کریں اور ایسے جامع طریقے نافذ کریں کہ مشینوں میں کیش ختم ہونے، اے ٹی ایم کے بریک ڈاؤن، سسٹمز اور نیٹ ورک میں نقص جیسے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں