کراچی میں ایک ہفتے کے دوران بجلی کا چوتھا بڑا بریک ڈاؤن شہری سراپا احتجاج

ایک ہفتے کے دوران یہ بجلی کے چوتھا بڑا بریک ڈاؤن ہے جس نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے


ویب ڈیسک July 13, 2015
بجلی كی فراہمی معطل ہونے کے باعث لوگوں کو سحر اور افطار کے اوقات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: شہر میں ایک ہفتے کے دوران بجلی کا چوتھا بڑا بریک ڈاؤن سامنے آیا ہے جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہے جب کہ شہری کے الیکٹرک کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق شہرقائد میں سحری کے دوران اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا جس کے باعث شہر کا 80 فیصد علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا، بریک ڈاؤن کے باعث گزری، ملیر،ماڈل کالونی، سعودآباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، صدر، لائنز ایریا، گلبرگ، بفرزون، گلشن معمار، گلشن جمال، اسکیم 33، نارتھ کراچی، سہراب گوٹھ اورانچولی کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ صبح ہوتے ہی بجلی کی عدم فراہمی کے باعث مختلف علاقوں میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر کے الیکٹرک کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پپری کےمقام پر220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوگئی تھی جس کے باعث بن قاسم پاور پلانٹ بند ہوگئے تھے اورپاورپلانٹ بند ہونےسے شہرمیں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہر میں 90 فیصد علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی ہے اور باقی ماندہ متاثرہ علاقوں کی بجلی بھی جلد بحال کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران یہ بجلی کے چوتھا بڑا بریک ڈاؤن ہے جس نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ بجلی كی فراہمی معطل ہونے کے باعث لوگوں کو سحر کے اوقات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ عید کی آمد ہے اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث جاری رہنے والی کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثرہوئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے