پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کرلی

شاہد آفریدی نے 45 اور انور علی نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔


ویب ڈیسک August 01, 2015
انور علی کا شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

NOWSHERA: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انور علی کی جارحانہ اننگز کی بدولت سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔


کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے شاہد آفریدی اور انور علی کی جارحانہ اننگز کی بدولت سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دے دی جب کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور مختار احمد نے اننگز کا آغاز کیا تو بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، مختار احمد 4، احمد شہزاد 7، محمد حفیظ 11 ، عمر اکمل 4 اور شعیب ملک 8 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم کپتان شاہد آفریدی نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ انور علی نے آخری لمحات میں 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 46 رنز بنائے اور قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جب کہ شاندار کارکردگی پر انور علی کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان لیستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کشال پریرا اور دلکارتنے دلشان نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم دلشان تیسرے اوور میں 10 اور پریرا چوتھے اوور میں 19 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے، ڈی سلوا 14 رنز بنا کر آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ شہان جے سوریا 40 اور کپوگیدرا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے اور سری وردنے نے آخری لمحات میں 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 2 جب کہ سہیل تنویر، شاہد آفریدی ، انور علی اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ سے قبل بات کرتے ہوئے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے پہلے ٹیم میں کچھ تجرے کررہے ہیں جس کی بنیاد پر سرفراز کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تاہم وہ ٹیم کا اہم حصہ ہیں انہیں آگے مواقع ملتے رہیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف جیت پر مبارکباد دی اور دورہ سری لنکا میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔



 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں