بیکری ملازم تشدد کیس وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد نے پولیس کو گرفتاری دیدی

ڈیفنس بی پولیس نے اعانت جرم کے تحت گرفتارکر لیا، کارروائی قانون کے مطابق ہوگی، پولیس حکام


Numainda Express October 18, 2012
بیکری کیس میں داماد کوخود شامل تفتیش کرایا،قانون وانصاف کی حکمرانی یقینی نہ بنانے والے معاشرے تباہ وبربادہوجاتے ہیں، شہبازشریف

لاہورمیں ڈیفنس بی کے علاقے میں بیکری ملازم پر تشدد کیس میں وزیراعلی شہباز شریف کے داماد علی عمران نے پولیس کو گرفتاری دے دی۔

وزیراعلیٰ کے داماد کو دفعہ 109کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس بی کے علاقہ میں مقامی بیکری کے ملازم کو ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اہلکاروں کی آمد سے کچھ دیر قبل ایک خاتون نے بیکری ملازم سے کیک طلب کیا تاہم ملازم کے کیک نہ دینے پر ایلیٹ فورس کے اہلکار بیکری کے باہر پہنچے اور انھوں نے ملازم کو بیکری سے نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنے ساتھ گاڑی میں اغواکر کے لے گئے، اور حالت غیر ہونے پر کچھ دور پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔

تشدد کے واقعہ میں ملوث تمام اہلکاروں کو پہلے ہی پولیس گرفتار کر چکی ہے، مقدمہ کی تفتیش کے دوران وزیر اعلیٰ کے داماد کو مدعی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا کہ ان کے کہنے پر سب کارروائی کی گئی ہے، جس پر گزشتہ روز وزیراعلٰی کے داماد علی عمران نے ڈیفنس بی پولیس کو گرفتاری دے دی، علی عمران اپنی ذاتی گاڑی میں گرفتاری دینے کیلیے تھانہ پہنچے جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات کیلیے تھانے کو بند کر دیا گیا اور سیکیورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق علی عمران کو اعانت جرم کی دفعہ 109کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے ساتھ عام ملزم کیطرح سلوک کیا جائیگا۔ دریں اثنا علاقہ جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری سکندر جاوید نے بیکری ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملوث ریاض، ظفر وغیرہ ایلیٹ فورس کے 8اہلکاروں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں چالیس چالیس ہزارکے مچلکے داخل کرانے پر رہاکرنے کا حکم جاری کر دیا۔

دریںاثناوزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص خواہ وہ کسی بھی حیثیت میں ہوقانون سے بالاتر نہیں ہے، بیکری تشدد کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے ہیں،اپنے داماد کوخود شامل تفتیش ہونے کا کہا، قانون وانصاف کی حکمرانی یقینی نہ بنانے والے معاشرے تباہ وبرباد ہوجاتے ہیں،رشتے دارہویاکوئی صاحب حیثیت قانون سب کے لیے برابر ہے،زندگی بھرقانون وانصاف کی فوری فراہمی کے لیے جدوجہد کی ہے، میری ذمے داری ہے کہ ہرشہری کوقانون کے مطابق انصاف ملے۔ قبل ازیں وزیراعلٰی پنجاب نے انتظامیہ کوہدایت کی کہ بیکری واقعے میں انکے داماد عمران علی کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ آئی جی پولیس کو دی جانے والی ہدایات میں انھوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ کی حیثیت میں خود کو خدائے بزرگ وبرتر اور عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتا ہوں، اس کیس میں عدل وانصاف کے تقاضوں کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں