عامرکی فوری قومی ٹیم میں شمولیت کا امکان مسترد

پاک بھارت سیریز ہونے پر فاسٹ بولر کو زیر غور نہیں لایا جائے گا، شہریار خان


Sports Reporter December 08, 2015
سلمان اور آصف فروری تک صرف ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ ہی کھیل سکیں گے فوٹو؛ فائل

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے محمد عامر کی فوری قومی ٹیم میں شمولیت کا امکان مسترد کردیا، پاک بھارت سیریز ہونے پر انھیں زیر غور نہیں لایا جائے گا، سلمان بٹ اور محمد آصف بھی صرف ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ تک محدود رہیں گے، فروری میں بحالی پروگرام مکمل کرنے کے بعد آئندہ فرسٹ کلاس ایونٹ میں شرکت کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے واضح کیا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی فاسٹ ٹریک پر واپسی نہیں ہوگی،لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پیسر ڈومیسٹک کرکٹ کے بعد بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بھی اچھا پرفارم کررہے ہیں، سلیکٹرز انھیں انگلینڈ لائنز کیخلاف یواے ای میں جاری سیریز میں اے ٹیم کا حصہ بھی بنانا چاہتے تھے لیکن بورڈ ابھی ان کے رویے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

انھیں اپنے مزاج میں انکساری لانا اور دیگر کھلاڑیوں کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا، اگرچہ مخالفت کرنے والے پلیئرز 2،3 ہی ہیں لیکن انھیں سمجھانا ہوگا، فی الحال پیپر ورک تیار کررہے ہیں کہ عامرکی واپسی کا کیا طریقہ کار ہو اور کیوں انھیں ٹیم میں لانا چاہیے، اسی لیے انھیں اے سائیڈ کا حصہ نہیں بنایا جا رہا، اگر پاک بھارت سیریزہوتی ہے تو بھی ان کی شمولیت کا امکان نہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے مزیدکہاکہ محمد آصف اورسلمان بٹ بھی صرف ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ تک محدود رہیں گے، ان کا بحالی پروگرام فروری میں مکمل ہوگا جس کے بعد فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شرکت کرسکیں گے،یاد رہے کہ اگر دونوں کرکٹرز کو نئے سال کے آغاز میں کلیئرنس مل بھی گئی تو انھیں قائد اعظم ٹرافی کے اگلے سیزن کا انتظار کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں