بینک ٹرانزیکشن ود ہولڈنگ ٹیکس وزیراعظم یکم جنوری کو نئی اسکیم کا اعلان کریں گے

صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ پاورٹیرف بھی3 روپے کی کمی کا اعلان کیا جائے گا


Business Reporter December 29, 2015
صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ پاورٹیرف بھی3 روپے کی کمی کا اعلان کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

MULTAN: وزیراعظم نوازشریف یکم جنوری2016 کوبینک ٹرانزیکشن ودہولڈنگ ٹیکس پرتاجربرادری کے تحفظات دورکرتے ہوئے نئی اسکیم کا اعلان کریں گے جس سے ٹیکس فائلراور نان فائلر دونوں مستفید ہوں گے جبکہ صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ پاورٹیرف بھی3 روپے کی کمی کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بات یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکریٹری جنرل زبیرایف طفیل نے پیر کو فیڈریشن کے سینئرنائب صدرعبدالرحیم جانو، شاہنوازاشتیاق، ڈاکٹر مرزا اختیاربیگ، گلزارفروز ودیگر کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ زبیرطفیل نے بتایا کہ بینک ٹرانزیکشن ٹیکس پروفاقی حکومت کے ساتھ ان کے 22 اجلاس منعقد ہوئے ہیں جس کے بعد وفاقی حکومت مذکورہ اقدام پر قائل ہوئی، اسی طرح عالمی کساد بازاری کی وجہ سے خطے کے دیگر ممالک کی طرح پاکستانی برآمدات میں 16 فیصد کی کمی پربھی وزیراعظم نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کمی کے عوامل کے بارے میں جب استفسار کیا تو انہیں بتایا گیا کہ پاکستان میں یوٹیلٹیز ٹیرف زائد ہیں جبکہ کاروباری لاگت بھی بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات مسابقت نہیں کر پا رہیں اور بیرونی خریدار حریف ممالک سے کم قیمتوں پرمصنوعات درآمد کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں جس پر وزیراعظم نے مقامی صنعتی شعبے کے لیے اہم نوعیت کے ترغیبی اقدامات بروئے کار لانے کا وعدہ کیا ہے جس میں سیلزٹیکس کسٹم ری بیٹ ریفنڈز سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔

ایک سوال پر زبیرطفیل نے کہا کہ یو بی جی کا ہررکن فیڈریشن کے مال کواپنے لیے حرام تصورکرتے ہیں، ہم ہمہ وقت احتساب کیلیے تیار ہیں، فیڈریشن سے لوٹ ماراور بے قاعدگیوںکا خاتمہ ہی ماضی کے برسراقتدارٹولے کیلیے باعث تکلیف ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن کی خاتون نائب صدرکے ساتھ ایس ایم منیرکی جانب سے بدتمیزی یا بدتہذیبی کے الزامات میں صداقت نہیں کیونکہ مذکورہ خاتون کو فیڈریشن کے قائم مقام صدرکی ذمے داریاں بھی دی گئیں۔ عبدالرحیم جانو نے کہا کہ برآمدمیں کمی کے ذمے دار ایس ایم منیر نہیں بلکہ عالمی کساد بازاری اور خام مال کی قیمتوں میں کمی ہے، الزام عائد کرنے والے مدمقابل گروپ کے رہنما کا برآمدات میں کوئی حصہ نہیں اور نہ ہی وہ کسادبازاری کے معنی سے واقف ہیں، ایس ایم منیربحیثیت ٹی ڈیپ چیف فیڈریشن کے انتخابات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کررہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں