بنگلا دیش نے پاکستان کو شکست دیکر ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ سے باہر کردیا

بنگلا دیش کی جانب سے سومیا سرکار نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔


ویب ڈیسک March 02, 2016
بنگلا دیش کی جانب سے سومیا سرکار نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے انتہائی اہم میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا جب کہ بنگلہ دیش نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں وہ بھارت سے مقابلہ کرے گا۔

میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا ٹی ٹوئںٹی کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز اسکور کیےجو بنگلا دیش نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا، تمیم نے پہلے ہی اوور میں محمد عامر کو چھکا رسید کرکے اپنے ارادے ظاہر کیے لیکن دوسرے ہی اوور میں عرفان نے انہیں 7 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد سومیا نے شبیر رحمان کے ساتھ ملکر 33 رنز کی شراکت داری قائم کی، شبیر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سومیا نے مشفق الرحیم کے ساتھ ملکر 37 رنز بنائے، سومیا 48 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ مشفق الرحیم 12 رنز ہی بناسکے۔ شکیب الحسن کو 8 رنز پر محمد عامر نے بولڈ کیا تو انہوں نے غصے سے وکٹوں پر بلا مار دیا تاہم بعد میں انہوں نے امپائر سے معذرت بھی کی۔ بنگلہ دیش کو 2 اوورز میں 18 رنز درکار تھے، سمیع نے19ویں اوور میں 2 نوبال کرواکر نہ صرف وکٹ حاصل کرنے کا موقع گنوایا بلکہ اوور میں 15 رنز دے کر بنگلہ دیش کے لیے فتح کا راستہ ہموار کیا، محمد اللہ نے چھکا مارکر بنگلہ دیش کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ وہ 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 2 جب کہ محمد عرفان، شعیب ملک، شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، خرم منظور اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، گزشتہ میچوں کی طرح پاکستان کا ٹاپ آرڈر اس بار بھی اسکور کرنے میں ناکام رہا اور 18 رنز پر قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، منظور 7 گیندوں پر ایک، شرجیل خان 10، محمد حفیظ 11 گیندوں پر 2 اور عمراکمل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد اور شعیب ملک نے پانچویں وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت داری قائم کی، ملک 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شاہد آفریدی بیٹنگ کے لیے آئے اور اسکور بورڈ کو زحمت دیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

بنگلا دیش کی جانب سے عرفات سنی نے 2 ، تسکین احمد، امین حسین اور مشرفی مرتفیٰ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں