گرین سگنل ملنے تک قومی ٹیم بھارت نہیں جائے گی شہر یار خان

قومی ٹیم کے لیے تاحال بھارتی حکومت کی طرف سے سیکیورٹی کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی، چیئرمین پی سی بی


ویب ڈیسک March 10, 2016
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موجود 15 کھلاڑی بھارت جانے کے لیے تیارہیں:فوٹو:فائل

پی سی بی چئیرمین شہریار خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ گرین سگنل ملنے تک قومی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لئے بھارت نہیں جائے گی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور منیجمنٹ سے ملاقات کی اور انھیں دورہ بھارت کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے لیے تاحال بھارتی حکومت کی طرف سے سیکورٹی کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی، بھارت کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے یقین دہانی کے بعد قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر ہی قومی ٹیم کو بھارت روانگی کی اجازت دی جائے گی تاہم قومی ٹیم کے بھارت جانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم کے 15 کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھارت روانگی کے لئے تیار بیٹھے ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ اجازت ملنے پر ٹیم آج رات کولکتہ کے لئے روانہ ہوسکتی ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم بھی بھارت روانگی کے لیے کراچی میں گرین سگنل کی منتظر ہے۔

واضح رہے کہ انتہا پسند تںظیم اور ہما چل پردیش کی حکومت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھمکیوں کے باعث گزشتہ روزانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 19 مارچ کو دھرم شالا میں شیڈول پاک بھارت میچ کا مقام تبدیل کرکے کولکتہ کردیا تھا تاہم انتہا پسند تنظیم نے ایڈن گارڈن میں بھی پاک بھارت میچ ہونے کی صورت میں پچ کھودنے کی دھمکی دے دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں